تقریب میں چمڑے کی صنعت سے وابستہ معروف صنعتکاروں، ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور کاروباری برادری کے نمائندوں نے شرکت کی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن (سدرن زون) کی جانب سے حکومتِ سندھ کے ترجمان میر نادر نبیل گبول کے اعزاز میں ایسوسی ایشن کے دفتر میں ایک پروقار ظہرانے کا اہتمام کیا گیا، جس میں چمڑے کی صنعت سے وابستہ معروف صنعتکاروں، ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور کاروباری برادری کے نمائندوں نے شرکت کی اس موقع پر چیئرمین پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن (سدرن زون) ڈاکٹر دانش امان نے معزز مہمان کو سیکٹر 7/A کورنگی انڈسٹریل ایریا میں بنیادی ڈھانچے کی ابتر صورتحال، ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، نکاسی آب کے مسائل اور صنعتی سرگرمیوں کو درپیش دیگر چیلنجز سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا انہوں نے کہا کہ مناسب انفراسٹرکچر کی عدم دستیابی صنعتی پیداوار اور برآمدات پر منفی اثرات مرتب کر رہی ہے، جس کے فوری حل کی ضرورت ہے ڈاکٹر دانش امان نے چمڑے کی صنعت کو گزشتہ پانچ دہائیوں سے درپیش شدید پانی کے بحران پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پانی کی مسلسل قلت نہ صرف صنعت کی ترقی میں رکاوٹ بن رہی ہے بلکہ ملکی برآمدات اور قیمتی زرمبادلہ کے حصول کو بھی متاثر کر رہی ہے۔ انہوں نے حکومتِ سندھ سے مطالبہ کیا کہ اس دیرینہ مسئلے کے مستقل حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کیے جائیں میر نادر نبیل گبول نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ سندھ کاروباری اور صنعتی برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صنعتی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، انفراسٹرکچر کی بہتری اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے انہوں نے پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں کو یقین دہانی کرائی کہ پانی کے دیرینہ مسئلے سمیت دیگر اہم معاملات کے حل کے لیے جلد ہی پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے ایک وفد کی وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ صنعتکاروں کے مسائل براہِ راست اعلیٰ سطح پر زیرِ غور لائے جا سکیں اور ان کے مو¿ثر حل کے لیے لائحہ عمل مرتب کیا جا سکے شرکاءنے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت اور صنعتکاروں کے درمیان باہمی تعاون اور مسلسل رابطوں کے ذریعے چمڑے کی صنعت کو درپیش مسائل کا حل ممکن بنایا جا سکے گا، جس سے ملکی برآمدات میں اضافہ اور روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے بعد ازاں چیئرمین پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن (سدرن زون) ڈاکٹر دانش امان نے میر نادر نبیل گبول کو ایسوسی ایشن کی جانب سے یادگاری شیلڈ (کریسٹ) پیش کی، جبکہ خیرسگالی، باہمی احترام اور مضبوط روابط کے اظہار کے طور پر حکومتِ سندھ کی جانب سے بھی ڈاکٹر دانش امان کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور شرکاءنے صنعت و حکومت کے درمیان موثر روابط کے فروغ کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا.
0 تبصرے