190ملین پاؤنڈ کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی نے فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا، سزا معطلی کی درخواست دائر

190ملین پاؤنڈ کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی نے فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا، سزا معطلی کی درخواست دائر

اسلام آباد (ویب ڈیسک): سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے 190 ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے سزا معطلی کی درخواست دائر کر دی۔ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان اور بشریٰ بی بی نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے سزا معطل کرنے کی استدعا کی ہے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی اپیلیں مسترد کر دی تھیں۔ سپریم کورٹ میں دائر درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سزا معطلی کی درخواست مسترد کرنا انصاف کے تقاضوں کے منافی تھا۔ درخواست میں کہا گیا کہ قابلِ سماعت قرار دینے کے باوجود مقدمے کے اہم نکات کو نظر انداز کیا گیا۔ مزید کہا گیا کہ دورانِ قید عمران خان کو آنکھوں کی بیماری لاحق ہوئی، جس کے علاج کے لیے انہیں جیل سے باہر منتقل کیا گیا۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو سنگین طبی مسائل کے باوجود رہائی نہ دینا ناانصافی ہے، جبکہ تنہائی کی قید کے باعث دونوں کو شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔ درخواست گزاروں نے الزام لگایا کہ سزا معطلی کی درخواست کو جان بوجھ کر مؤخر کیا گیا، حالانکہ ٹرائل کے دوران انہیں ضمانت مل چکی تھی اور الزامات کو بے بنیاد قرار دیا گیا تھا۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ سزا معطلی پر فیصلہ کرتے وقت مقدمے کے نکات کا جائزہ لینا قانونی طور پر ممکن تھا، تاہم ابتدائی شواہد کا جائزہ لیے بغیر درخواست مسترد کرنا درست نہیں تھا۔ یہ بھی کہا گیا کہ نیب نے بار بار التوا حاصل کرکے اپیل کی کارروائی کو طول دیا، جس سے انصاف میں تاخیر ہوئی۔ پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست میں یہ بھی مؤقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی گرفتاری غیر قانونی اور غیر ذمہ دارانہ طریقے سے کی گئی، جبکہ ایک اعلیٰ عدالت پہلے ہی اس گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے رہائی کا حکم دے چکی تھی۔ درخواست میں کہا گیا کہ احتساب کے نام پر سیاسی بنیادوں پر کارروائی کی گئی، جبکہ نیب قوانین میں ترمیم کے بعد حتمی اپیل سننے کا اختیار آئینی عدالت کو دیا گیا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ اپیل میں آئینی عدالت سے رجوع کرنے کا کوئی ذکر موجود نہیں، اس لیے سزا معطلی کی اپیل سپریم کورٹ میں قابلِ سماعت ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے سزا معطل کی جائے اور عمران خان اور بشریٰ بی بی کی رہائی کا حکم جاری کیا جائے۔