موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر تعاون ناگزیر ہے: وزیراعظم

موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر تعاون ناگزیر ہے: وزیراعظم

اسلام آباد (ویب ڈیسک): وزیراعظم شہباز شریف نے موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان قریبی تعاون کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس چیلنج سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنا ضروری ہے۔ وزیراعظم کی زیرِ صدارت مون سون کی تیاریوں اور ماحولیاتی خطرات سے بچاؤ کے نظام کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات سے شدید متاثر ہو رہے ہیں، اس لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مکمل ہم آہنگی اور تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی اور چیئرمین این ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ وہ رواں ہفتے تمام صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کا دورہ کریں تاکہ مون سون بارشوں سے قبل حفاظتی اقدامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا جا سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ دورے مون سون سیزن سے قبل تمام انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے کیے جائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وزیرِ منصوبہ بندی کی نگرانی میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور متعلقہ وزارتوں پر مشتمل ایک ایمرجنسی رسپانس کمیٹی قائم کی جائے، جو صوبائی اداروں کے ساتھ مل کر عملی تعاون اور ہنگامی اقدامات کو یقینی بنائے گی۔ وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ وزیرِ خزانہ ممکنہ مون سون آفات سے نمٹنے کے لیے ہنگامی فنڈز کی پیشگی تیاری کریں، جبکہ ممکنہ سیلابی صورتحال اور دیگر خطرات سے بچاؤ کے لیے ایک جامع اور مشترکہ روڈ میپ مرتب کیا جائے۔