آبنائے ہرمز مزید آٹھ روز تک ’’وار آپریشنز زون‘‘ قرار، شپنگ یونینز اور کمپنیوں کا اعلان

آبنائے ہرمز مزید آٹھ روز تک ’’وار آپریشنز زون‘‘ قرار، شپنگ یونینز اور کمپنیوں کا اعلان

لندن (ویب ڈیسک): بین الاقوامی شپنگ یونینز اور جہاز رانی کمپنیوں نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کو کم از کم آئندہ آٹھ روز تک ’’وار آپریشنز زون‘‘ تصور کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے باوجود دو تجارتی بحری جہازوں پر حالیہ حملوں کے بعد کیا گیا ہے۔ جاری کردہ بیان کے مطابق آبنائے ہرمز کم از کم 9 جولائی تک وار آپریشنز زون رہے گی، جبکہ خطے کی صورتحال کا ہفتہ وار جائزہ لیا جائے گا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق، انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ ورکرز فیڈریشن اور جہاز مالکان کی نمائندہ تنظیم جوائنٹ نیگوشی ایٹنگ گروپ نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ یہ فیصلہ انسانی جانوں کو لاحق سنگین اور مسلسل خطرات، نیز خطے میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ بی بی سی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ مذاکرات سے باخبر ایک ذریعے کے مطابق اگر گزشتہ جمعرات کے بعد دو مختلف مواقع پر بحری جہازوں کو نشانہ نہ بنایا جاتا اور بحری آمدورفت معمول کے مطابق جاری رہتی تو اس ہفتے اس درجہ بندی پر نظرِ ثانی ممکن تھی۔ واضح رہے کہ آبنائے ہرمز کو پہلی مرتبہ 5 مارچ کو وار آپریشنز زون کی کیٹیگری میں شامل کیا گیا تھا، جب توانائی بردار بحری جہازوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ یہ درجہ بندی ان تجارتی بحری جہازوں پر لاگو ہوتی ہے جن کے مالکان انٹرنیشنل بارگیننگ فورم کے لیبر معاہدوں کا حصہ ہیں، اور دنیا بھر میں ایسے جہازوں کی تعداد تقریباً 15 ہزار بتائی جاتی ہے۔