کراچی رہنے کے قابل نہ رہا، دنیا کے بدترین شہروں میں شامل

کراچی رہنے کے قابل نہ رہا، دنیا کے بدترین شہروں میں شامل

کراچی: اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ (EIU) کی جانب سے جاری کردہ گلوبل لائیویبلٹی انڈیکس 2026 کے مطابق کراچی کو دنیا کے کم ترین رہنے کے قابل شہروں میں شامل کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں دنیا کے 173 شہروں کی درجہ بندی کی گئی ہے، جس میں کراچی 170ویں نمبر پر ہے۔ کراچی سے نیچے صرف ڈھاکا، طرابلس اور دمشق ہیں۔ رپورٹ کے مطابق کراچی کا مجموعی اسکور 100 میں سے 43 رہا۔ درجہ بندی کے لیے پانچ بنیادی شعبوں کو مدنظر رکھا گیا، جن میں امن و امان، صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر، اور ثقافتی و ماحولیاتی سہولیات شامل ہیں۔ کراچی کو بالخصوص امن و امان اور بنیادی انفراسٹرکچر کی کمزور کارکردگی کے باعث نچلے درجے پر رکھا گیا۔ دوسری جانب ڈنمارک کا دارالحکومت کوپن ہیگن مسلسل دوسرے سال دنیا کا سب سے زیادہ رہنے کے قابل شہر قرار پایا، جبکہ ویانا، میلبورن اور سڈنی بھی فہرست کے سرفہرست شہروں میں شامل ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کراچی میں ٹریفک کے نظام، شہری سہولیات، آلودگی اور سیکیورٹی کے مسائل پر مؤثر توجہ دی جائے تو شہر کی عالمی درجہ بندی میں نمایاں بہتری آ سکتی ہے۔