کراچی (ویب ڈیسک) کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں مبینہ منشیات فروش انمول عرف پنکی کے خلاف منشیات کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے دو شریک ملزمان کے نام مقدمے سے خارج کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔
عدالت نے ملزمہ کے شریک ملزمان ذیشان اور سہیل کے نام مقدمے سے خارج کرنے کی درخواست بھی مسترد کر دی۔
سرکاری وکیل عبدالرحمان نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ اس نوعیت کی درخواست ریمانڈ کے مرحلے پر دائر کی جا سکتی ہے، جبکہ چالان میں ملزمان کا کردار واضح طور پر بیان کیا گیا ہے اور ان کے خلاف مضبوط شواہد موجود ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف گارڈن تھانے میں مقدمہ درج ہے۔ تفتیشی افسران کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان مبینہ طور پر انمول عرف پنکی کے گاہکوں سے وصول ہونے والی رقم وصول کرتے تھے، جبکہ گاہک ادائیگی کے اسکرین شاٹس انمول عرف پنکی کو بھیجتے تھے۔
پولیس کے مطابق عدالت اس سے قبل بھی دونوں ملزمان کی درخواستِ ضمانت مسترد کر چکی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں گارڈن پولیس نے ایک مبینہ خاتون منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے پستول، کروڑوں روپے مالیت کی کوکین، مختلف کیمیائی مادے اور دیگر منشیات برآمد کی تھیں، جس کے بعد ملزمہ کو ہتھکڑیاں لگائے بغیر عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
0 تبصرے