اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ معرکۂ حق میں اللہ کی مدد سے پاکستان کو کامیابی ملی، جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو اللہ کی خاص مدد حاصل ہے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ معرکۂ حق میں اللہ تعالیٰ کی مدد سے پاکستان کو کامیابی ملی، پورے ملک میں معرکۂ حق کے حوالے سے تقریبات منعقد ہو رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے چھوٹے اور درمیانے سائز کے ڈرونز ہمارے مختلف علاقوں میں بھیجے، بھارتی ڈرونز کم تعداد میں پاکستان پہنچے، زیادہ تر ڈرونز کو سرحد پر ہماری رینجرز نے تباہ کر دیا، بھارت کی کوشش تھی کہ سائبر حملے کرے، لیکن سائبر حملوں میں بھارت ہمارے قریب بھی نہ آ سکا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج نے معرکۂ حق میں قوم کا سر فخر سے بلند کیا، یہ بتانا ضروری ہے کہ ہم نے معرکۂ حق میں کیا کیا۔ پاک بھارت جنگ میں ڈرونز کا استعمال بہت زیادہ ہوا جو پہلے کبھی نہیں ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ نئی دہلی میں بھارتی وزیراعظم کے گھر کے اوپر ہمارے ڈرونز منڈلاتے رہے جس کے باعث بھارتی خوف میں مبتلا ہو گئے تھے، ہمارا ہدف بھارتی شہری نہیں تھے جبکہ انہوں نے ہماری شہری آبادی کو نشانہ بنایا، ہمارے جوان سرحد کے بالکل قریب موجود تھے، جس کے باعث بھارت کو سفید جھنڈے لہرانا پڑے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ جنگ میں پاکستانی میڈیا کا کردار قابلِ تعریف رہا، ہمارے میڈیا نے ایک پیغام کے ذریعے پوری قوم کو متحد کیا، معرکۂ حق میں پاکستانی میڈیا کے کردار کی کوئی مثال نہیں ملتی جبکہ بھارتی میڈیا مسلسل الجھن کا شکار رہا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ فیلڈ مارشل کو اللہ کی خاص مدد حاصل ہے، میں نے جس جس ملک میں جو کچھ ہوتے دیکھا وہ کبھی بتاؤں گا مگر یہ اللہ کا فیلڈ مارشل پر خاص کرم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے جنگ بندی سے قبل ہمارے بیس پر حملہ کیا تھا، ہم نے آخر میں انتہائی محدود جگہ پر حملہ کیا لیکن ان کا سب سے بڑا آئل ڈپو تباہ ہو گیا، بھارت کے بڑے اہداف ہماری زد میں تھے، ان کے جہاز اور بحری اڈے نشانے پر تھے، تب ہی بھارت جنگ بندی کروانے کے لیے آگے آیا۔
سینیٹر محسن نقوی نے کہا کہ ہم اپنی خفیہ ایجنسیوں کی بات نہیں کرتے، اگر وہ بروقت کردار ادا نہ کرتیں تو یہ ممکن نہ ہوتا۔
آپریشن بنیان مرصوص میں ہماری خفیہ ایجنسیوں کا کلیدی کردار تھا۔ ہمیں بھارت کی ہر تفصیل اس طرح مل رہی تھی جیسے وہ ہمارا اپنا ملک ہو، ہماری خفیہ ایجنسیوں نے جو کچھ کیا اس پر میں خود حیران رہ گیا تھا۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاک بھارت جنگ کے دوران امریکی صدر Donald Trump نے بھارت کو بڑے نقصان سے بچایا، معرکۂ حق میں بھارت کو اتنا نقصان پہنچا ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف کسی بھی مہم جوئی سے پہلے کئی بار سوچے گا۔
ایک سوال کے جواب میں محسن نقوی نے کہا کہ امریکہ ایران جنگ بندی میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں پر بھروسہ رکھیں۔
0 تبصرے