ناقص نظامِ حکمرانی کی وجہ صرف چار صوبے نہیں: رضا ربانی

ناقص نظامِ حکمرانی کی وجہ صرف چار صوبے نہیں: رضا ربانی

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما اور سینیٹ کے سابق چیئرمین رضا ربانی نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام اور نظامِ حکمرانی کی ناکامی سے متعلق دیا گیا بیان غیر ضروری حساس بحث کو جنم دے رہا ہے۔ اپنے بیان میں رضا ربانی نے کہا کہ نظامِ حکمرانی کی ناکامی کی وجہ صرف ملک میں چار صوبوں کا وجود نہیں، بلکہ اصل مسئلہ یہ ہے کہ جمہوری عمل کو بار بار پٹری سے اتارا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نظام کی ناکامی کی ایک بڑی وجہ سول اور عسکری بیوروکریسی کو سیاسی کردار اور فیصلہ سازی میں غیر معمولی اختیارات دینا بھی ہے۔ رضا ربانی نے مزید کہا کہ اختیارات کو اسلام آباد میں مرکوز کرکے وفاق کو کمزور کرنا بھی نظامِ حکمرانی کی ناکامی کی ایک اہم وجہ ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آمروں کو آئین میں ترامیم کرنے اور اس کے بنیادی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی اجازت دینا بھی موجودہ مسائل کی ایک اہم وجہ رہا ہے۔