سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری، مختلف حادثات میں بچوں سمیت متعدد افراد جاں بحق

سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری، مختلف حادثات میں بچوں سمیت متعدد افراد جاں بحق

کراچی / حیدرآباد / مٹھی (مانیٹرنگ ڈیسک): سندھ کے مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں جبکہ مختلف حادثات میں بچوں سمیت متعدد افراد جان کی بازی ہار گئے۔ اسی طرح حیدرآباد، عمرکوٹ، جامشورو، سانگھڑ، ٹنڈو جام، ٹھٹھہ، ٹنڈو آدم، ننگرپارکر، ماتلی، کنری، ڈھورو نارو اور سمیت مختلف علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ کشمور، پڈ عیدن، شیخ بھرکیو، تنگوانی، ریتی، بھنگو بہن، فیض گنج، اڈیرو لال، دریاء خان مری، دوڑ اور گردونواح میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ مٹھی کے قریب گاؤں کاریہار میں بارش کے جمع شدہ پانی میں نہاتے ہوئے ایک کمسن بچہ جاں بحق ہوگیا، جبکہ مٹھی میں بارش کے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد بڑھ کر 4 ہوگئی۔ خانپور مہر بائی پاس کے قریب جھونپڑیوں پر آسمانی بجلی گرنے سے عمرکوٹ کا رہائشی نوجوان بھورو جوگی جاں بحق ہوگیا۔ پنگریو کے قریب گاؤں محمد صادق آرائیں میں گھر کی چھت گرنے سے 22 سالہ رمیش کمار کولہی ملبے تلے دب کر جان کی بازی ہار گیا۔ نوری آباد صنعتی زون، پنجل مکان، ہبکاں، کارو جبل، لویاچھ، سری، کلوکوہر اور دیگر علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔ حیدرآباد میں مسلسل بارش کے باعث سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ نکاسیٔ آب نہ ہونے کے سبب سڑکیں اور رہائشی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں، جس سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ مٹھی، جامشورو، ہالا، نبی سر روڈ، ٹالہی، ڈگھڑی، ملکانی شریف، خانپور مہر، بلڑی شاہ کریم اور گردونواح میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ مٹھی کے گاؤں بھکوئو میں بارش کے دوران نشیبی علاقے میں نہاتے ہوئے دو بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں مہتاب ولد وشنو اور اس کا چچا زاد بھائی شہدیو ولد کستورو میگھواڑ شامل ہیں۔ واقعے کے بعد اہلِ خانہ میں کہرام مچ گیا۔ سجاول، کھیبر، ٹنڈو باگو، نئون آباد، بلڑی شاہ کریم، پیارو اسٹیشن، خانپور، قصبہ، کڈھن اور بکیرا شریف میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔ بھٹ شاہ، پتھورو، سٹھ میل، جام صاحب، ہالا، گپچانی، مسن، پیرون مل، شاہپور چاکر، مٹیاری اور ٹنڈو محمد خان میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ کھوسکی، کھپرو، میرواہ گورچاڑی، چوٹیاریوں، سندھڑی، بودر فارم، نیو چھور، جھوک شریف، بھٹ شاہ اور اطراف میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے۔ متعدد علاقوں میں بارش کا پانی تالاب کی شکل اختیار کر چکا ہے، جبکہ نکاسیٔ آب کا مؤثر انتظام نہ ہونے کے باعث شہری شدید پریشانی اور اذیت کا سامنا کر رہے ہیں۔ فلہڈیوں کے میگھواڑ محلے میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے 7 سالہ ہریش ولد اشوک میگھواڑ زخمی ہوگیا، جبکہ ایک بکری ہلاک ہوگئی۔