میر رضا علی قتل کیس: واردات سے قبل کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

میر رضا علی قتل کیس: واردات سے قبل کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

کراچی (ویب ڈیسک): گلستانِ جوہر سے نوجوان میر رضا علی خان کی لاش ملنے کے واقعے میں قتل سے قبل کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔ فوٹیج میں میر رضا علی کو دراز سے اسلحہ نکالتے اور بعد ازاں وہ اسلحہ اپنی گاڑی میں رکھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ سی سی ٹی وی میں یہ بھی نظر آتا ہے کہ اسلحہ گاڑی میں رکھنے کے بعد میر رضا دوبارہ کچن کی جانب جاتا ہے، جبکہ ایک دوسری فوٹیج میں صبح 4 بج کر 38 منٹ پر اسے جائے وقوعہ سے کچھ فاصلے پر اکیلے جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ یاد رہے کہ میر رضا علی خان 28 جولائی کو پی ای سی ایچ ایس (PECHS) سے لاپتا ہوا تھا، جس کی لاش دو روز بعد گلستانِ جوہر سے برآمد ہوئی۔ وہ صبح 4 بج کر 9 منٹ پر آن لائن ٹیکسی کے ذریعے اپنے گھر سے نکلا تھا۔ پولیس کے مطابق میر رضا کی لاش انتہائی خراب حالت میں ملی، جبکہ اسے سینے میں گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لاش ملنے سے ایک روز قبل اس کے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی بند کر دیے گئے تھے۔ پولیس نے ٹیلی کام کمپنی سے مقتول کے موبائل فون کا ریکارڈ اور اس سے رابطے میں رہنے والے افراد کا ڈیٹا طلب کر لیا ہے۔ اس کے علاوہ جس آن لائن ٹیکسی میں میر رضا نے سفر کیا تھا، اس کے ڈرائیور کو بھی تفتیش میں شامل کر لیا گیا ہے۔ ٹیکسی ڈرائیور نے اپنے بیان میں بتایا کہ اس نے میر رضا علی کو گلستانِ جوہر میں اسی مقام پر اتارا تھا جو مقتول نے خود بتایا تھا۔ مقتول کے والد کے مطابق میر رضا علی کا 30 اگست کو گلشنِ اقبال کی بیت المکرم مسجد میں نکاح ہونا تھا، اور وہ اپنی نئی زندگی کے آغاز کے لیے بے حد خوش تھا۔