پاک بھارت فنکاروں کو سرکاری مہمان کا درجہ دیا جائے: راحت فتح علی خان
پاکستان کے معروف قوال اور گلوکار راحت فتح علی خان نے کہا ہے کہ موسیقی ایک آفاقی سچائی ہے، جس کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔ موسیقی دلوں کو جوڑنے کے ساتھ ساتھ ٹوٹے دلوں کا سہارا بھی بنتی ہے اور انسان اپنے دکھ اور جذبات بھی اس کے ذریعے ظاہر کرتا ہے۔
ٹیکساس میں جنگ اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے راحت فتح علی خان نے کہا کہ وہ پاکستان کے امن سفیر نامزد ہیں اور موسیقی کے ذریعے دنیا کے سامنے پاکستان کا نرم اور مثبت چہرہ پیش کرنا اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔
بھارت کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اگر دونوں ممالک کے درمیان پابندیاں ختم ہو جائیں تو وہ بھارتی موسیقار اے آر رحمان کے ساتھ کام کرنا چاہیں گے۔ انہوں نے سونو نگم اور ارجیت سنگھ کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فن اور موسیقی سے وابستہ افراد کی آمدورفت سے دونوں ممالک کے درمیان دوریاں اور کشیدگی کم ہو سکتی ہے۔
راحت فتح علی خان نے کہا کہ کھیل، موسیقی، اداکاری اور ثقافت کے ذریعے بھی دونوں ممالک کے فاصلے کم کیے جا سکتے ہیں، جبکہ سرحدوں کو محفوظ رکھتے ہوئے عوامی اور ثقافتی روابط جاری رہنے چاہئیں۔
مصنوعی ذہانت کے حوالے سے انہوں نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ فنکاروں کی آواز، چہرے اور شناخت کی نقل سے فن کی اصل حیثیت متاثر ہو رہی ہے، لہٰذا مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کیے گئے گانے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کے حوالے سے سخت ضابطے ہونے چاہئیں۔
اپنے بیٹے شاہ زمان کے بارے میں راحت فتح علی خان نے کہا کہ اس میں کلاسیکی موسیقی کی سمجھ بوجھ کے ساتھ تال کا شعور بھی پیدائشی طور پر موجود ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ قوالی کی 600 سالہ خاندانی روایت کو آگے بڑھانے کی ذمہ داری ان کا بیٹا ہی نبھائے گا۔
استاد نصرت فتح علی خان کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نصرت فتح علی خان جیسا فنکار دوبارہ پیدا ہونا مشکل ہے اور ان کا کوئی ثانی نہیں۔ راحت نے بتایا کہ نصرت کی وفات کے بعد پہلی محفل میں ’’اکھیاں اڈیک دیاں‘‘ گاتے ہوئے وہ خود کو روک نہیں سکے اور تمام لوگ رونے لگے۔
راحت فتح علی خان نے یہ بھی کہا کہ قوالی کے دوران پیسے اچھالنے کے بجائے عقیدت کا نذرانہ عزت کے ساتھ اور چھپا کر پیش کرنا چاہیے، جبکہ قوالی اور غزل کے درمیان فرق کو سمجھنا بھی ضروری ہے۔