بدھ، 23 ستمبر 2026
بریکنگ

وزیراعظم کے کراچی اور حیدرآباد کے لیے ایم کیو ایم کے مطالبے پر 20 ارب روپے کے پیکیج پر عملدرآمد شروع

تازہ ترین 30th Jul 2026 115 مناظر
وزیراعظم کے کراچی اور حیدرآباد کے لیے ایم کیو ایم کے مطالبے پر 20 ارب روپے کے پیکیج پر عملدرآمد شروع
وزیراعظم کی جانب سے کراچی اور حیدرآباد کے لیے اعلان کردہ 20 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پاکستان انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (پی آئی ڈی سی ایل)، جو وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے ماتحت کام کرتی ہے، نے کراچی کے 504 اور حیدرآباد کے 17 ترقیاتی منصوبوں کے ٹینڈرز جاری کر دیے ہیں۔ وفاقی حکومت یہ فنڈز پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت فراہم کر رہی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مالی سال 2023-24 کے دوران ایم کیو ایم کے مطالبے پر اس 20 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا تھا۔ یہ منصوبے ایم کیو ایم کے قومی اسمبلی کے اراکین کی جانب سے تجویز کردہ اسکیموں کے لیے مختص کیے گئے تھے۔ وفاقی حکومت نے اسی وقت یہ رقم پی آئی ڈی سی ایل کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دی تھی، تاہم منصوبوں کو حتمی شکل دینے، ایکنک اور دیگر متعلقہ فورمز سے منظوری حاصل کرنے سمیت مختلف مراحل کی تکمیل کے بعد اب 28، 29 اور 30 جولائی کو ان منصوبوں کے ٹینڈرز کھول دیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان تمام منصوبوں پر آئندہ چند روز میں عملی کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔ ان منصوبوں میں سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر، پیور بلاکس بچھانا، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے لیے نالوں کی تعمیر، بلدیہ ٹاؤن میں پانچ، پانچ لاکھ گیلن گنجائش کے دو زیرِ زمین پانی کے ٹینکوں کی تعمیر، بعض سرکاری اسپتالوں کو جدید طبی مشینری اور دیگر طبی سامان کی فراہمی، جبکہ دیگر بنیادی شہری سہولیات سے متعلق متعدد ترقیاتی منصوبے بھی شامل ہیں۔
شیئر کریں:

0 تبصرے

تبصرہ کریں

مطلوب خانہ
مطلوب خانہ