نوجوان ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہامنواسکتے ہیں،شکیل قاسمی
بچوں کی تربیت کا سلسلہ جاری رہے توگوٹھوں کے بچے بھی شہری علاقوں کے بچوں سے صلاحیتوں میں مقابلہ کرسکیں گے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) جمعیت علمائے پاکستان کراچی کے جنرل سیکریٹری فقیر ملک محمدشکیل قاسمی نے کہاہے کہ پسماندہ علاقوں کے بچوں کا ٹیلنٹ کسی سے کم نہیں ہے، پہلی مرتبہ اپنے بہترین اور شاندار پروجیکٹ بناکر ان بچوں نے ثابت کردیا ہے کہ مناسب توجہ اور تربیت کے نتیجے میں یہ بچے دنیامیں اپنی صلاحیتوں کا لوہامنواسکتے ہیں۔ یہ باتیں انہوں نے ایچ ایچ اسلامک اکیڈمی گلشن سرجانی فیز 2میں منعقدہ پہلی سائنس ایگزبیشن میں شرکت اور دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ ایگزبیشن میں معروف ماہرین تعلیم، سیاسی سماجی اور دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات سعید احمدبیگ، نوید لطیف قادری، ملک شکیل احمد، سید معراج احمدنے بھی شرکت کی۔اکیڈمی کے سربراہ ومیزبان مفتی حفیظ اللہ ہادیہ نے مہمانوں کو بچوں کے بنائے ہوئے فن پاروں کا معائنہ کروایا اور تفصیلات سے آگاہ کیا۔ مہمانان گرامی نے بچوں کے بنائے ہوئے پروجیکٹس کی تعریف کی اور بچوں کی جانب سے اپنے پروجیکٹس کے حوالے سے بریفنگ کو خوب سراہا۔فقیر شکیل قاسمی نے اپنے خطاب میں مزید کہاکہ بچوں کے فن پاروں اور ایگزبیشن کی کامیابی میں اکیڈمی کے اساتذہ کا اہم کردار ہے جس پر تمام اسٹاف مبارکباد کا مستحق ہے۔انہوں نے کہاکہ اگراسی طرح بچوں کی تربیت کا سلسلہ جاری رہاتو اس علاقے کے بچے بھی دیگر علاقوں کے بچوں سے صلاحیتوں میں مقابلہ کرسکیں گے۔انہوں نے کہاکہ بچوں کی تربیت میں جہاں اساتذہ کا اہم کردار ہے وہیں والدین کی بھی ذمہ داری ہے کہ اپنے بچوں کے رجحان کو دیکھیں اور مثبت رجحان میں ان کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ بچہ مزید محنت اور لگن سے آگے بڑھے۔انہوں نے کہاکہ تعلیمی اداروں کی سطح پر مثبت سرگرمیاں معاشرے میں پھیلے منفی رجحان کو ختم کرسکتی ہیں، اس سلسلے میں ہر باشعور انسان کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے اداروں کے معاون ومددگار بن جائیں تاکہ ایک بہتر معاشرے کی تشکیل ممکن ہوسکے۔