ہفتہ، 26 ستمبر 2026
بریکنگ

وزیر اعظم سے آذربائیجان کے وزیر خارجہ کی ملاقات

تازہ ترین 30th May 2024 285 مناظر

وزیر اعظم سے آذربائیجان کے وزیر خارجہ کی ملاقات

وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف نے آج وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور سلامتی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر اعظم نے اس امر کو سراہا کہ دونوں فریقوں نے بنیادی دلچسپی کے امور پر ہمیشہ ایک دوسرے کی مکمل حمایت کی ہے اور اس بات کا اعادہ کیا کہ مستقبل میں دونوں فریقین بین الاقوامی فورم پر ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھیں گے۔ وزیراعظم نے نومبر 2024 میں منعقد ہونے والے انتیسویں اقوام متحدہ کانفرنس آف پارٹیز COP29 کے میزبان شہر کے طور پر باکو کے انتخاب پر وزیر خارجہ بیراموف کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان اس اہم ایونٹ کے کامیاب نتائج کو یقینی بنانے کے لیے آذربائیجان کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ جون 2023 میں باکو کے دورے کے دوران صدر علیئیف کے ساتھ اپنی نتیجہ خیز بات چیت کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے آذری صدر کو اس سال کے آخر میں پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کے لیے اپنی دعوت کا اعادہ کیا۔ آذری وزیر خارجہ نے مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور اپنی اور پاکستانی وزیر خارجہ کے درمیان آج ہونے والی بات چیت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے آذربائیجان کی قیادت کی جانب سے وزیراعظم کو نیک خواہشات کا پیغام دیا اور انہیں آذربائیجان کی پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی بھرپور خواہش کا یقین دلایا۔ وزیر خارجہ بےراموف نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔
شیئر کریں:

0 تبصرے

تبصرہ کریں

مطلوب خانہ
مطلوب خانہ