وکلا کل عدالتی کارروائیوں کا مکمل بائیکاٹ کریں اور کوئی بھی وکیل عدالت میں پیش نہ ہو. صدر کراچی بار
کراچی: صدر کراچی بار عامر نواز وڑائچ نے اعلان کیا ہے کہ کل بروز پیر وکلا وزیر اعلیٰ ہاؤس پر احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وکلا کل عدالتی کارروائیوں کا مکمل بائیکاٹ کریں اور کوئی بھی وکیل عدالت میں پیش نہ ہو۔
اتوار کے روز اپنے بیان میں صدر کراچی بار نے بتایا کہ کل پیر کے روز صبح 11 بجے کراچی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر احتجاج کیا جائے گا۔ عامر نواز وڑائچ کے مطابق ایک ہفتے میں تین وکلا پر جان لیوا حملے کیے گئے، جن میں دو وکلا، خواجہ شمس اور ناصر ملک شہید ہوگئے، جبکہ ایک وکیل، جاوید سلمان، زخمی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی نااہلی کے باعث اب تک وکلا پر حملہ کرنے والے کسی بھی ملزم کو گرفتار نہیں کیا گیا اور نہ ہی وکلا کو کوئی مناسب سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔
صدر کراچی بار نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کو وکلا کے اسلحہ لائسنس کے لیے دی گئی فہرست بھی گزشتہ ایک سال سے التوا کا شکار ہے، جس کی وجہ سے وکلا اپنی حفاظت بھی نہیں کر پا رہے ہیں۔ انہوں نے تمام وکلا سے اپیل کی کہ کل صبح 10:30 بجے سندھ ہائی کورٹ کی پارکنگ میں جمع ہوں، جہاں سے احتجاج وزیر اعلیٰ ہاؤس تک کیا جائے گا۔ صدر کراچی بار نے واضح کیا کہ وکلا کل پیر کے روز عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کریں گے۔
0 تبصرے