400رنز کا ریکارڈ نہ توڑنے پر لارا نے کیا کہا؟ ملڈر نے بالآخر خاموشی توڑ دی

400رنز کا ریکارڈ نہ توڑنے پر لارا نے کیا کہا؟ ملڈر نے بالآخر خاموشی توڑ دی

جنوبی افریقہ (ویب ڈیسک): جنوبی افریقی کپتان ویان ملڈر نے 400 رنز کا ریکارڈ نہ توڑنے پر برائن لارا کی کہی ہوئی بات سے پردہ اٹھا دیا۔ ایک بیان میں جنوبی افریقی کرکٹر نے کہا: "400 رنز کا ریکارڈ نہ توڑنے پر برائن لارا نے کہا کہ مجھے عالمی ریکارڈ بنانے کی کوشش کرنی چاہیے تھی، کیونکہ ریکارڈ ٹوٹنے کے لیے ہی بنتے ہیں۔ اگر دوبارہ ایسا موقع ملے تو مجھ سے زیادہ رنز بناؤ۔" ویان ملڈر نے مزید کہا: "یہ برائن لارا کی دلچسپ رائے ہے، لیکن میں سمجھتا ہوں کہ میں نے درست فیصلہ کیا۔ میں کرکٹ کا احترام کرتا ہوں اور میرے لیے یہی سب سے اہم بات ہے۔" واضح رہے کہ ویان ملڈر زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں 367 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے جب انہوں نے اننگز ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کیا۔ اس وقت انہیں برائن لارا کا تاریخی 400 رنز والا عالمی ریکارڈ توڑنے کے لیے صرف 33 رنز درکار تھے۔ یاد رہے کہ برائن لارا نے 21 سال قبل، سال 2004ء میں اینٹیگوا میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں 400 رنز بنائے تھے، جو کہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی انفرادی اننگز ہے۔