جعلی فٹنس سرٹیفکیٹ استعمال کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی شروع

جعلی فٹنس سرٹیفکیٹ استعمال کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی شروع

کراچی (رپورٹر) سندھ حکومت کے ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ نے جعلی فٹنس سرٹیفکیٹ استعمال کرنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی شروع کر دی ہے۔ سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے پی ٹی سیکریٹری کو ہدایت کی ہے کہ جعلی فٹنس سرٹیفکیٹ استعمال کرنے والی تمام گاڑیوں کے روٹ پرمٹس منسوخ کیے جائیں، ان گاڑیوں کا ریکارڈ محکمے کے لائیو پورٹل پر اپ ڈیٹ کیا جائے اور فوری طور پر مقدمات درج کیے جائیں۔ پی ٹی سیکریٹری کو تین دن کے اندر تفصیلی کارروائی رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ کچھ ٹرانسپورٹرز اپنی گاڑیوں کے فزیکل معائنے سے بچنے کے لیے ایجنٹس کے ذریعے جعلی فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کر رہے تھے۔ جعلی فٹنس سرٹیفکیٹ نہ صرف قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ عوام کے تحفظ کے لیے بھی بڑا خطرہ ہے۔ عوام کی جان و مال سے کھیلنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔ جعلی فٹنس سرٹیفکیٹ کا استعمال نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ ایک سنگین جرم بھی ہے۔