اسوہ حسنہ پوری انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے، نظام مصطفیٰ ﷺ کی جدوجہد تیز کرنا عشق مصطفیٰ ﷺ کا حقیقی تقاضا ہے، کاشف سعید شیخ

اسوہ حسنہ پوری انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے، نظام مصطفیٰ ﷺ کی جدوجہد تیز کرنا عشق مصطفیٰ ﷺ کا حقیقی تقاضا ہے، کاشف سعید شیخ

کراچی، (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اسوہ حسنہ پوری انسانیت کے لیے مشعل راہ اور کامیاب زندگی کا بہترین نمونہ ہے۔ نظام مصطفیٰ ﷺ کی جدوجہد تیز کرنا عشق مصطفیٰ ﷺ کا حقیقی تقاضا ہے۔ آج دنیا بدامنی، ظلم، ناانصافی اور اخلاقی زوال کا شکار ہے، ان تمام مسائل کا حقیقی حل سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات پر عملی طور پر عمل کرنے میں ہے۔انہوں نے کہا کہ عشق رسول ﷺ محض دعووں، نعروں اور جذباتی وابستگی کا نام نہیں بلکہ اپنی پوری زندگی کو نبی کریم ﷺ کے اسوہ کے مطابق ڈھالنے کا تقاضا کرتا ہے۔ عبادات کے ساتھ معاملات، معاشرت، معیشت، سیاست اور حکمرانی سمیت زندگی کے ہر شعبے میں مصطفوی تعلیمات کی عملی پیروی ضروری ہے۔نبی کریم ﷺ نے عدل و انصاف، مساوات، اخوت، رواداری اور انسانیت کی خدمت کا درس دیا۔ آج امت مسلمہ کو باہمی اختلافات سے نکل کر قرآن و سنت کو اپنی اجتماعی زندگی کی بنیاد بنانا ہوگی۔ سیرت النبی ﷺ کا پیغام امن، محبت، عدل اور انسانیت کی بھلائی کا پیغام ہے، جسے کردار اور عمل کے ذریعے دنیا تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر نبی مہربان ﷺ سے محبت کو عہدِ وفا میں تبدیل کرتے ہوئے سنت رسول ﷺ کو اپنی زندگی کا حصہ بنایا جائے اور معاشرے سے ظلم، ناانصافی، بدعنوانی اور استحصال کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کیا جائے۔#