ایران کا جوہری پروگرام تباہ کر دیا گیا ہے: امریکا

ایران کا جوہری پروگرام تباہ کر دیا گیا ہے: امریکا

واشنگٹن (ویب ڈیسک): امریکا کے وزیرِ دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کا ایٹمی پروگرام مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران کی جانب سے کوئی جوابی کارروائی کی گئی تو امریکا اس سے بھی زیادہ سخت ردعمل دے گا۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ خطے میں امریکی مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔ امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیٿ نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین کے ہمراہ ایک اہم پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ "ہم نے ایران کا ایٹمی پروگرام تباہ کر دیا ہے، اور اگر ایران کی طرف سے کوئی ردعمل آیا تو گزشتہ رات کی کارروائی سے بھی زیادہ سخت حملہ کیا جائے گا۔" انہوں نے مزید کہا کہ "ہم نے ایران کو بارہا خبردار کیا تھا کہ اسے ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اگر ایران نے کوئی حملہ کیا تو ہم پوری طاقت سے جواب دیں گے۔" پیٹ ہیگسیٿ نے واضح کیا کہ "اس کارروائی کا مقصد ایران میں حکومت کی تبدیلی نہیں تھا، بلکہ فردو کا ایٹمی مرکز ہمارا اصل ہدف تھا، اور ہم نے اپنے مطلوبہ مقاصد حاصل کر لیے ہیں۔" اسی پریس بریفنگ میں جنرل ڈین کین نے آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ "گزشتہ رات صدر کے حکم پر 'آپریشن مڈنائٹ ہیمر' شروع کیا گیا، جس کے دوران ایران کے تین ایٹمی مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔ ایران کا دفاعی نظام ہمارے طیاروں کو دیکھنے میں ناکام رہا۔" انہوں نے بتایا کہ اس آپریشن میں 145 امریکی جنگی طیارے اور آبدوزیں شریک ہوئیں، جب کہ حملے میں 7 B-2 اسٹیلتھ بمبار طیارے بھی شامل تھے، جنہوں نے مخصوص اہداف کو نشانہ بنایا۔