امریکی حملے عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں: وزیراعظم کی ایرانی صدر سے گفتگو

امریکی حملے عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں: وزیراعظم کی ایرانی صدر سے گفتگو

اسلام آباد (ویب ڈیسک): وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے ایران پر امریکی حملوں کی سخت مذمت کی ہے۔ گفتگو کے دوران وزیراعظم نے ایرانی عوام اور حکومت سے پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔ انہوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ حملے عالمی قوانین، خاص طور پر اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے آرٹیکل 51 کے تحت ایران کے دفاع کے حق کا ذکر کیا اور کہا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے فوری مذاکرات اور سفارت کاری ناگزیر ہے۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان کی جانب سے حمایت پر شکریہ ادا کیا اور ایران کے ساتھ یکجہتی کے اظہار پر وزیراعظم، پاکستانی حکومت، عوام اور عسکری قیادت کی سراہنا کی۔ دونوں رہنماؤں نے مسلم امہ کے درمیان اتحاد اور اتفاق کی ضرورت پر زور دیا اور آئندہ بھی قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔