نیویارک (ویب ڈیسک):
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں یہ تنازعہ تیزی سے قابو سے باہر ہو سکتا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے ردِعمل میں گوتریس نے امریکا کے حالیہ فضائی حملوں کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی خطرناک حد تک بڑھ سکتی ہے، جس کے عام شہریوں، خطے اور پوری دنیا پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
انتونیو گوتریس نے کہا:
"میں ایران کے خلاف آج امریکا کی جانب سے طاقت کے استعمال پر سخت تشویش کا شکار ہوں۔ یہ عمل عالمی امن و سلامتی کے لیے براہِ راست خطرہ ہے۔"
انہوں نے اقوامِ متحدہ کے رکن ممالک سے اپیل کی کہ وہ کشیدگی میں کمی لائیں اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور دیگر عالمی قوانین کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔
سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ
"اس مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں۔ آگے بڑھنے کا واحد راستہ سفارتکاری ہے اور ہماری واحد امید امن ہے۔"
0 تبصرے