تل ابیب (ویب ڈیسک) – اسرائیل نے اپنے تازہ فضائی حملوں میں ایران کے دارالحکومت تہران میں واقع اوین جیل، بسیج فورس کے ہیڈکوارٹر اور فردو جوہری مرکز کو نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیلی وزیرِ دفاع یوآف گالانت نے دعویٰ کیا ہے کہ اوین جیل میں ایسے سیاسی قیدی موجود ہیں جنہیں ایرانی حکومت اپنے دشمن تصور کرتی ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق، ایک سی سی ٹی وی ویڈیو منظرِ عام پر آئی ہے جس میں اوین جیل کے مرکزی دروازے پر دھماکہ ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب سے منسلک نیوز ایجنسی ’فارس‘ کا کہنا ہے کہ اوين جيل کے داخلی دروازے کو ممکنہ طور پر ڈرون یا دھماکہ خیز مواد کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے۔ ایرانی عدلیہ نے بھی اوین جیل پر حملے اور ہونے والے نقصان کی تصدیق کر دی ہے، جبکہ فارس نیوز کے مطابق صورتحال اس وقت قابو میں ہے۔
ادھر ایرانی سرکاری میڈیا پر نشر ہونے والے حکام کے بیانات میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے قُم صوبے میں واقع فردو جوہری مرکز پر بھی حملہ کیا ہے۔ سرکاری نیوز ایجنسی ’ارنا‘ اور ’تسنیم‘ کے مطابق، قُم کی کرائسز مینجمنٹ اتھارٹی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جوہری مرکز پر حملہ ہوا ہے، تاہم اس سے عام شہریوں کو کسی قسم کا کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی ایئر فورس بھی فردو میں زمین دوز جوہری مرکز پر ’بنکر بسٹر بم‘ کے ذریعے حملہ کر چکی ہے۔
0 تبصرے