ایران پر بمباری نہ کرو، اپنے پائلٹس واپس بلاؤ، ٹرمپ کی اسرائیل کو وارننگ
واشنگٹن (ویب ڈیسک) — امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران اور اسرائیل دونوں نے اس کی جانب سے اعلان کردہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے اور وہ ایران سے خوش نہیں ہیں۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا:
"میرے خیال میں انہوں نے جان بوجھ کر ایسا نہیں کیا، لیکن مجھے یہ بات پسند نہیں آئی کہ اسرائیل نے آج صبح حملہ کیا۔ میں دیکھوں گا کہ کیا میں انہیں روک سکتا ہوں۔"
امریکی صدر نے مزید کہا:
"ایران اب دوبارہ کبھی بھی جوہری صلاحیت حاصل نہیں کر سکے گا۔"
جنگ بندی کے بعد اسرائیلی اقدامات سے خوش نہیں ہوں: ٹرمپ
منگل کی صبح صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا:
"میرے خیال میں (جنگ بندی کے نفاذ کے بعد) ایک راکٹ فائر کیا گیا اور اب اسرائیل نے بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے، انہیں صبر سے کام لینا چاہیے۔"
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کے بہت سے واقعات انہیں پسند نہیں آئے۔
انہوں نے کہا:
"مجھے یہ بات پسند نہیں آئی کہ ہم نے معاہدہ کیا اور اس کے بعد اسرائیل نے حملے کیے، انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔"
صدر ٹرمپ نے سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہا:
"یہ دو ممالک ہیں جو طویل عرصے سے شدت سے لڑ رہے ہیں اور شاید خود بھی نہیں جانتے کہ وہ کیا کر رہے ہیں۔"
ایران پر بمباری نہ کرو، اپنے پائلٹس واپس بلاؤ، ٹرمپ کی اسرائیل کو وارننگ
اس سے قبل سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹروتھ" پر ایک پیغام میں امریکی صدر نے اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا:
"ایران پر بمباری نہ کرو، اگر تم نے ایسا کیا تو یہ سنگین خلاف ورزی ہوگی، اپنے پائلٹس کو فوراً واپس بلاؤ۔"
صدر ٹرمپ کا یہ بیان اسرائیل کی جانب سے ایران پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام لگانے اور دوبارہ بمباری کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔
واضح رہے کہ جنگ بندی کے کچھ دیر بعد اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران کی طرف سے میزائل فائر کیے گئے تھے جنہیں اسرائیلی فضائی دفاعی نظام نے شمالی اسرائیل کی حدود میں ہی روک لیا۔
اس بیان کے بعد اسرائیلی وزیر دفاع، یوآف گیلنٹ نے اعلان کیا کہ انہوں نے اسرائیلی ڈیفنس فورسز (IDF) کو ایران کی مبینہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کا جواب دینے کا حکم دیا ہے، اور خاص طور پر تہران میں ایرانی حکومت کو نشانہ بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
قبل ازیں، اسرائیلی فوج نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ ایران کی طرف سے فائر کیے گئے میزائلوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
IDF کے مطابق، اسرائیلی فضائی دفاعی نظام خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر متحرک اور تیار ہے۔
اسی سلسلے میں اسرائیلی ڈیفنس فورسز کے چیف آف جنرل اسٹاف، ایال زامیر نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی جانب سے جنگ بندی کی "سنگین خلاف ورزی" کا جواب "طاقت سے" دیا جائے گا۔
دوسری طرف، ایران نے اسرائیلی الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق، ایران کی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف عبدالرحیم موسوی نے گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران اسرائیل کی طرف کسی بھی میزائل فائر کرنے کی تردید کی ہے۔
0 تبصرے