سندھ کے دارالحکومت کراچی میں تیز آندھی کے ساتھ ہونے والی بارش کے دوران مختلف حادثات اور واقعات میں 19 افراد جاں بحق جبکہ 50 سے زائد زخمی ہو گئے۔
بارش کے بعد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، جبکہ بل بورڈز، گھروں کی دیواریں اور درخت گرنے کے علاوہ آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں 19 شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
ڈیفنس، ملیر، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، نارتھ ناظم آباد، گارڈن اور کورنگی میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، جبکہ سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے کے باعث شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
مواچھ گوٹھ میں دیوار گرنے کے باعث 11 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ لانڈھی مجید کالونی میں دیوار گرنے سے میاں بیوی جاں بحق ہو گئے۔
پیرانو گوٹھ میں گھر کی چھت گرنے سے 4 سالہ زینت جاں بحق ہو گئی، جبکہ گلستانِ جوہر میں دیوار گرنے سے 4 سالہ بچی زندگی کی بازی ہار گئی۔
کلفٹن نیلم کالونی میں درخت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہو گئے، جبکہ کورنگی میں درخت گرنے کے ایک اور واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔
ملیر یارو گوٹھ میں آسمانی بجلی گرنے کے باعث عمر نامی شخص جاں بحق ہو گیا۔
0 تبصرے