لندن (ویب ڈیسک) برطانوی ٹی ٹوئنٹی لیگ دی ہنڈریڈ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شمولیت کا معاملہ نیلامی سے قبل ہی زیر بحث تھا، تاہم اب فرنچائز سن رائزرز لیڈز کی جانب سے پاکستانی اسپنر ابرار احمد کو ٹیم میں شامل کیے جانے کے بعد نیا تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔
ابرار احمد کا بھارتی ملکیت والی فرنچائز کے ساتھ ایک لاکھ نوے ہزار پاؤنڈز میں معاہدہ بھارتی میڈیا اور سابق بھارتی کرکٹرز کو ناگوار گزرا ہے۔
بھارتی میڈیا کی تنقید کے بعد سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر بھی میدان میں آ گئے اور سخت بیان دیتے ہوئے کہا کہ ابرار احمد کو ملنے والی رقم بالواسطہ طور پر بھارت کے خلاف استعمال ہو سکتی ہے، کیونکہ وہ پاکستان میں ٹیکس ادا کریں گے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق 27 سالہ پاکستانی اسپنر ابرار احمد کو سن رائزرز لیڈز نے تقریباً ایک لاکھ نوے ہزار برطانوی پاؤنڈز (تقریباً 6 کروڑ 80 لاکھ پاکستانی روپے) میں حاصل کیا۔
اس فیصلے پر کئی بھارتی صارفین نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے فرنچائز کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
واضح رہے کہ ”دی ہنڈریڈ“ کی نیلامی میں آئی پی ایل سے منسلک فرنچائزز کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں کو شامل نہ کرنے کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں، جس پر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ECB) نے تمام فرنچائزز کو امتیازی سلوک سے گریز کی ہدایت کی تھی۔
لیگ کی آٹھ ٹیموں میں سے چار ٹیمیں — مانچسٹر سپر جائنٹس، اوول انوِنسبلز، سدرن بریو اور سن رائزرز لیڈز — جزوی طور پر آئی پی ایل فرنچائزز سے منسلک ہیں۔
پاکستان کے کئی کھلاڑیوں، جن میں شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، شاداب خان اور صائم ایوب شامل ہیں، نے لیگ کے لیے رجسٹریشن کرائی تھی، تاہم محدود کھلاڑیوں کو ہی منتخب کیا گیا۔ عثمان طارق کو برمنگھم فینکس نے ایک لاکھ 40 ہزار پاؤنڈز میں ٹیم کا حصہ بنایا۔
سن رائزرز لیڈز کے ہیڈ کوچ ڈینیئل ویٹوری نے کہا کہ ابرار احمد ایک منفرد اسپنر ہیں اور مقامی کھلاڑیوں کے لیے انہیں کھیلنا آسان نہیں ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کے حوالے سے کسی قسم کی پابندی کی ہدایت نہیں دی گئی۔
سوشل میڈیا پر اس فیصلے پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا، جہاں کچھ بھارتی صارفین نے سن رائزرز حیدرآباد کی مالک کاویا مارن پر تنقید کی، جبکہ پاکستانی صارفین نے اس فیصلے کو مثبت قدم قرار دیا۔
کاویا مارن کون ہیں؟
کاویا مارن بھارت کے بڑے کاروباری گروپ سن گروپ کے چیئرمین کلانیتی مارن کی بیٹی ہیں۔ وہ سن رائزرز حیدرآباد کی شریک مالک اور سی ای او ہیں اور 2018 سے فرنچائز کے معاملات سنبھال رہی ہیں۔
دی ہنڈریڈ لیگ کیا ہے؟
دی ہنڈریڈ کرکٹ کا ایک نیا فارمیٹ ہے جو 2021 میں متعارف کرایا گیا۔ اس لیگ میں 8 ٹیمیں شامل ہوتی ہیں اور ہر اننگز 100 گیندوں پر مشتمل ہوتی ہے، جس کا مقصد کھیل کو تیز اور زیادہ دلچسپ بنانا ہے۔
0 تبصرے