سری لنکن حکام کی پاکستان کو دو ہتھنیاں بطور تحفہ دینے کی تردید
پاکستان کو دو ہتھنیاں بطور تحفہ دینے سے متعلق کوئی بات چیت ہوئی ہے نہ ہی پاکستانی حکومت نےایسی کوئی درخواست کی ہے
سری لنکن حکام نے کراچی کے چڑیا گھر میں ہتھنی نورجہاں کی موت کے بعد پاکستان کو بطور تحفہ دو ہتھنیاں دینے کی پیشکش سے متعلق تمام خبروں کی تردید کر دی، آرکیٹیکٹ عامر نظیر چوہدری کی ٹوئٹ کے جواب میں سری لنکن ہائی کمیشن کا کہنا تھا کہ سری لنکن حکومت یا ہائی کمیشن کی جانب سے پاکستان کو دو ہتھنیاں بطور تحفہ دینے سے متعلق کوئی بات چیت ہوئی ہے نہ ہی پاکستانی حکومت نےایسی کوئی درخواست کی ہے، ہائی کمیشن نے لاہور میں سری لنکا کے اعزازی قونصلر یاسین جویا کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے ’ہتھنیوں کے فراہمی کے امکان‘ کو اس خبر کا واحد سچ قرار دیتے ہوئے وضاحت کی کہ مذکورہ شخص بھی ایسے کسی اقدام یا وعدے کیلئے مجاز اختیار نہیں رکھتے اس لیے انہیں مشورہ ہے کہ ایسے معاملات میں اس طرح کے بیانات سے گریز کریں.