ایران نے 550 بیلسٹک میزائل اور 1000 ڈرون فائر کیے، 28 شہری ہلاک، 3000 سے زائد زخمی: اسرائیل

ایران نے 550 بیلسٹک میزائل اور 1000 ڈرون فائر کیے، 28 شہری ہلاک، 3000 سے زائد زخمی: اسرائیل

تل ابیب (ویب ڈیسک) — اسرائیل نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ کے دوران 28 شہری ہلاک اور 3000 سے زائد زخمی ہوئے، جبکہ ایران نے مجموعی طور پر 550 بیلسٹک میزائل اور لگ بھگ 1000 ڈرون فائر کیے۔ ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ کے دوران 28 شہری ہلاک ہوئے اور 3000 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ایمبولینس سروس "میگن ڈیوڈ آدوم" (MDA) کے مطابق، جنگ بندی تک 28 شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے، جن میں سے 4 افراد آج صبح جاں بحق ہوئے۔ ایم ڈی اے کے مطابق، 900 سے زائد افراد کو زخمی حالت میں یا شدید ذہنی دباؤ اور خوف کی کیفیت میں طبی امداد فراہم کی گئی۔ دوسری جانب، وزارتِ صحت نے تھوڑا مختلف اعداد و شمار جاری کیے ہیں، جن کے مطابق 12 روزہ جنگ کے دوران 3238 زخمی افراد کو اسپتال میں داخل کیا گیا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران نے جنگ کے دوران تقریباً 550 بیلسٹک میزائل اور 1000 کے قریب ڈرون فائر کیے، جن میں سے بیشتر کو فضاء میں ہی تباہ کر دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق، کم از کم 31 بیلسٹک میزائل رہائشی علاقوں پر گرے، جبکہ صرف ایک ڈرون ایک گھر کو نشانہ بنا سکا۔ اس کے علاوہ، حکام کا کہنا ہے کہ 9000 سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں، جن کے مکانات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔