ممبئی (ویب ڈیسک) بھارتی اداکارہ سوناکشی سنہا، جنہوں نے فلم دبنگ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا، نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں فلمی دنیا میں قدم رکھنے کا تجربہ شیئر کیا ہے۔
سوناکشی نے بتایا کہ دبنگ کے سیٹ پر پہلے دن کا پہلا سین آج بھی انہیں یاد ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شتروگھن سنہا کی بیٹی ہونے کی وجہ سے سیٹ کا ماحول کچھ جانا پہچانا سا لگا، لیکن جب خود کیمرے کے سامنے آئیں تو وہ لمحہ بالکل نیا اور خاص تھا۔
سوناکشی نے کہا کہ انہیں اس وقت اداکاری کا کوئی تجربہ نہیں تھا، نہ ہی انہوں نے کوئی اداکاری کی کلاس، ورکشاپ یا ڈانس ٹریننگ لی تھی — جو کچھ بھی سیکھا، سیٹ پر ہی سیکھا۔
انہوں نے بتایا کہ سلمان خان اور ارباز خان سیٹ پر موجود تھے اور سب نے ان کا بہت خیال رکھا کیونکہ سب جانتے تھے کہ وہ شتروگھن سنہا کی بیٹی کو لانچ کر رہے ہیں۔
سلمان خان کے بارے میں بات کرتے ہوئے سوناکشی نے کہا کہ سلمان نے انہیں سیکھنے کا بھرپور موقع دیا۔ وہ بالکل ویسے ہی ہیں جیسے نظر آتے ہیں، کبھی کبھی شاٹ کے دوران پیچھے کھڑے ہو کر مذاق بھی کرتے تھے، لیکن اس سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ فلم کا پہلا سین بہت جذباتی تھا، جس میں بھائی کی موت کا منظر تھا، اور کسی طرح وہ منظر مکمل کر لیا۔
سوناکشی کے مطابق، اسکرین پر رونا ان کے لیے ہمیشہ سے مشکل رہا ہے کیونکہ سیٹ پر موجود لوگوں کی موجودگی میں جذبات پر قابو پانا آسان نہیں ہوتا۔
انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ دبنگ میں سلمان خان کے ساتھ کام کرنے کے بعد وہ باآسانی اکشے کمار اور اجے دیوگن جیسے بڑے اداکاروں کے ساتھ بھی کام کرنے کے قابل ہو گئیں۔
واضح رہے کہ سوناکشی سنہا جلد ہی فلم نکیتا رائے میں مرکزی کردار میں نظر آئیں گی، جو 27 جون کو ریلیز ہو رہی ہے۔
0 تبصرے