اسلام آباد (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور پی ٹی آئی بانی عمران خان سے ملاقات کی اجازت کے لیے سپریم کورٹ پہنچ گئے۔ علی امین گنڈاپور، عمران خان سے ملاقات کی اجازت کے لیے جسٹس منصور علی شاہ کی عدالت میں پیش ہوئے، جس پر جسٹس منصور نے کہا کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی لاہور میں ہیں، لہٰذا ان سے رابطہ کریں۔ بعد ازاں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پی ٹی آئی بانی سے ملاقات کے لیے ہم گزشتہ کئی دنوں سے کوشش کر رہے تھے، میں آج عمران خان کی ہدایت پر سپریم کورٹ آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سپریم کورٹ کو خط بھی لکھا تھا، جس کے ساتھ ثبوت بھی منسلک کیے گئے تھے، خط پر چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے مثبت ریمارکس دیے تھے لیکن اس پر عملدرآمد نہ ہو سکا۔ علی امین نے کہا کہ ہماری بار بار درخواستوں کے باوجود پی ٹی آئی بانی سے ملاقات نہیں کرائی گئی، ہمارے خلاف یہ ایک سازش ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجٹ منظوری کا عمل اسمبلی میں جاری ہے، تحریک انصاف کی بجٹ کمیٹی پی ٹی آئی بانی سے ملاقات کرے گی۔
0 تبصرے