ممبئی (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف اداکار اور گلوکار دلجیت دوسانج کا کہنا ہے کہ انہیں بالی ووڈ میں کام کرنے کی کوئی خواہش نہیں ہے۔ ایک حالیہ انٹرویو میں دلجیت نے موسیقی سے اپنی محبت اور فلمی انڈسٹری سے متعلق خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’مجھے بالی ووڈ میں کام کر کے کوئی بڑا اداکار بننے کی خواہش نہیں، میں موسیقی سے بے حد محبت کرتا ہوں اور موسیقی وہ چیز ہے جو میں کسی کی مرضی کے بغیر بھی کر سکتا ہوں۔‘‘ دلجیت نے کہا، ’’مجھے کسی سپر اسٹار کی رائے یا اجازت سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ کس کا کام چلے گا یا کس کو گانا ملے گا، ایسی باتیں ہم پر لاگو نہیں ہوتیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’پنجاب میں ہر فنکار اپنا گانا خود تیار کرتا ہے، یہ ایک بڑی آزادی ہے اور کوئی ہمیں موسیقی بنانے سے نہیں روک سکتا۔ جب تک دل چاہے گا، میں موسیقی بناتا رہوں گا، چاہے بالی ووڈ میں کام ملے یا نہ ملے، مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔‘‘ واضح رہے کہ دلجیت دوسانج نے پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ فلم ’’سردار جی 3‘‘ میں مرکزی کردار ادا کیا ہے، جسے بھارت میں ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور فلم کے بائیکاٹ کی مہم جاری ہے۔
0 تبصرے