رانی پور میں شہری کے گھر ڈکیتی کے ملزمان کی عدم گرفتاری پر ریلی اور دھرنا

رانی پور میں شہری کے گھر ڈکیتی کے ملزمان کی عدم گرفتاری پر ریلی اور دھرنا

رانی پور میں سائیں ڈنو عباسی کے گھر ڈکیتی کے واقعے اور ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف شہریوں نے شاہی بازار سے تھانے تک احتجاجی ریلی نکال کر دھرنا دیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ چھ دن قبل 6 نامعلوم مسلح افراد سائیں ڈنو عباسی کے گھر میں گھس آئے اور لاکھوں روپے مالیت کا سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔ واقعے کے باوجود تاحال کسی ملزم کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ احتجاج کرنے والوں کے مطابق مسلح ڈاکو 10 تولہ سونا، 10 لاکھ روپے نقد رقم، 5 موبائل فونز، ایک بندوق، ایک پسٹل اور دیگر قیمتی سامان ساتھ لے گئے۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے واقعے کے بعد کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی۔ دھرنے کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ ڈکیتی میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کر کے لوٹا گیا سامان برآمد کیا جائے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔