اسلام آباد (بیورو) پارلیمانی امور کے وفاقی وزیر طارق فضل چوهدری نے کہا ہے کہ ذلفی بخاری اور عمران خان کے قریبی افراد کی حالیہ سرگرمیاں ایک واضح سیاسی ایجنڈا ظاہر کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی مقاصد کے لیے پاکستان کے قومی مفادات کو نظرانداز کرتے ہوئے ذاتی بیانیے کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ طارق فضل چوهدری نے مزید کہا کہ عارف آجاکیا جیسے متنازع اور پاکستان مخالف بیانیہ رکھنے والے افراد سے ملاقاتیں کوئی عام سیاسی عمل نہیں بلکہ ایک سوچے سمجھے بیانیے کا تسلسل لگتی ہیں۔
ان کے مطابق کچھ عناصر عالمی سطح پر پاکستان کے خلاف ماحول بنانے میں مصروف ہیں اور ایسی سرگرمیوں کے ذریعے صرف اپنی سیاست کو زندہ رکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ اس وقت ملک کو اتحاد، استحکام اور ذمہ دار قیادت کی سخت ضرورت ہے، اور ایسے اقدامات قومی بیانیے کو کمزور کرنے کے مترادف ہیں۔
طارق فضل چوهدری نے سوال اٹھایا کہ کیا یہی سیاست ہے جس کا دعویٰ “تبدیلی” کے نام پر کیا گیا تھا، یا اقتدار حاصل کرنے کے لیے قومی وقار کو نقصان پہنچانا بھی قبول کیا جا رہا ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام بخوبی سمجھتے ہیں کہ کون ملک کے ساتھ کھڑا ہے اور کون صرف اپنے مفادات کا تحفظ کر رہا ہے۔
0 تبصرے