آبناءِ ہرمز فوری کھولو ورنہ تیل کے کنوؤں اور بجلی گھروں کو نشانہ بنائیں گے، ٹرمپ کا ایران کو الٹی میٹم

آبناءِ ہرمز فوری کھولو ورنہ تیل کے کنوؤں اور بجلی گھروں کو نشانہ بنائیں گے، ٹرمپ کا ایران کو الٹی میٹم

آبنائے ہرمز / تہران / واشنگٹن / تل ابیب / بیروت (ویب ڈیسک) ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران فوری طور پر آبنائے ہرمز کو نہ کھولے تو امریکا ایرانی تیل کے کنوؤں، بجلی گھروں اور یورینیم ذخائر کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ امریکی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ ایک نئے اور زیادہ مناسب نظام کے تحت سنجیدہ مذاکرات کر رہا ہے تاکہ خطے میں جاری فوجی کشیدگی کا خاتمہ کیا جا سکے۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر جلد کوئی معاہدہ نہ ہوا یا ایران نے آبنائے ہرمز کو فوری طور پر نہ کھولا تو امریکا ایران میں اپنی فوجی کارروائیاں تیز کر سکتا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں لکھا کہ کافی پیش رفت ہو چکی ہے لیکن اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو امریکا ایران کے بجلی پیدا کرنے والے پلانٹس، تیل کے کنوؤں اور خارگ آئل ٹرمینل سمیت اہم تنصیبات کو تباہ کرنے سے بھی گریز نہیں کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کارروائی میں پانی صاف کرنے والے پلانٹس بھی نشانہ بن سکتے ہیں۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ یہ ممکنہ کارروائی ان تمام امریکی فوجیوں اور شہریوں کی ہلاکت کا بدلہ ہوگی جنہیں ان کے بقول گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران ایران کی کارروائیوں میں نشانہ بنایا گیا۔ دوسری جانب آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی فراہمی متاثر ہونے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اگر یہ آبی گزرگاہ بند رہی تو عالمی سطح پر تیل کی شدید قلت پیدا ہو سکتی ہے اور قیمتیں بڑھ کر 200 ڈالر فی بیرل تک پہنچنے کا امکان ہے۔ ادھر لبنان میں حزب اللہ کے حملے میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں، جبکہ ایران نے اپنے بحریہ کے کمانڈر علی رضا تنگسیری کی شہادت کی تصدیق بھی کر دی ہے۔ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث مشرق وسطیٰ کی صورتحال مزید پیچیدہ ہوتی جا رہی ہے اور عالمی برادری تشویش کا اظہار کر رہی ہے۔