ام رباب کے والد، دادا اور چچا کے قتل کیس کا فيصله: تمام ملزمان بری، ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان

آج کے فیصلے کے بعد یہ محسوس ہوتا ہے کہ سردار اور بھوتار قانون سے بالاتر ہیں۔ام رباب چانڈیو

ام رباب کے والد، دادا اور چچا کے قتل کیس کا فيصله: تمام ملزمان بری، ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان

دادو: دادو کی ماڈل کرمنل کورٹ نے ام رباب چانڈیو کے والد، دادا اور چچا کے قتل کے کیس میں نامزد تمام ملزمان کو بری کر دیا۔ عدالت کی طرف سے 44 صفحات پر مشتمل فیصلہ تحریری طور پر جاری کیا گیا۔ بری ہونے والے نامزد ملزمان میں پی پی ایم پی اے کے سردار خان چانڈیو، برہان خان چانڈیو، سابق ایس ایچ او کریم بخش چانڈیو اور دیگر شامل ہیں۔ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ام رباب چانڈیو نے کہا کہ آج کے فیصلے کے بعد یہ محسوس ہوتا ہے کہ سردار اور بھوتار قانون سے بالاتر ہیں۔ مدعی فریق کے وکیل صلاح الدین پنهور نے کہا کہ کیس میں نامزد تمام ملزمان بری کر دیے گئے ہیں۔ سرداری نظام کے خلاف تین افراد کو دن دہاڑے قتل کیا گیا، کیس میں تین گواہان اور میڈیکل شواہد موجود تھے۔ ان کے مطابق اتنے شواہد کی بنیاد پر سزا دی جا سکتی تھی، تاہم فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں اپیل کی جائے گی۔ واضح رہے کہ آٹھ سال پرانے اس کیس میں سندھ اسمبلی کے دو اراکین سمیت کل 8 ملزمان نامزد تھے، جن میں سے چار جیل میں اور چار ضمانت پر تھے۔ ام رباب چانڈیو کے اہل خانہ کے قتل کیس کے فیصلے کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے، ڈی ایس پیز سمیت 450 پولیس اہلکار سیکیورٹی کے لیے تعینات تھے، جبکہ ام رباب چانڈیو کے گھر کے باہر بھی پولیس موجود تھی۔ ججیشل کمپلیکس جانے اور آنے والے راستوں پر بھی پولیس کی بڑی نفری موجود رہی۔ یاد رہے کہ ماڈل کورٹ نے گذشتہ سماعت کے دوران گواہان کے بیانات اور دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔