جماعت اسلامی بنگلہ دیش وفد کی صوبائی دفتر آمد

جماعت اسلامی بنگلہ دیش کی انتخابات میں کامیابی کارکنان کی محنت اور شہداء کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ اسداللہ بھٹو

جماعت اسلامی بنگلہ دیش وفد کی صوبائی دفتر آمد

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سینیئر رہنما جماعت اسلامی اور سابق رکن قومی اسمبلی اسداللہ بھٹو نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں بہتری دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔ بنگلہ دیش میں جمہوریت اور اسلامی اقدار کے تحفظ کے لیے دی جانے والی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے ایک وفد قباء آڈیٹوریم میں ملاقات کے دوران کیا۔ پروفیسر مجاہد الاسلام کی قیادت میں پانچ رکنی وفد نے صوبائی دفتر کا دورہ کیا اور ذمے داران سے ملاقات کی۔اس موقع پر دونوں ممالک کی سیاسی صورتحال، باہمی تعلقات اور جماعتی سرگرمیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری مولانا عبد القدوس احمدانی، اطلاعات سیکرٹری مجاہد چنا اور شاہنواز قائم خانی بھی موجود تھے۔اسداللہ بھٹو نے کہا کہ سابق وزیر اعظم حسینہ واجد کے دور میں جماعت اسلامی سمیت مخالف سیاسی قائدین کو سزائیں دی گئیں اور ظلم و جبر کی انتہا کی گئی، جس سے جمہوری اقدار کو شدید نقصان پہنچا اس ساری صورتحال پر نام نہاد حقوقِ انسانی اور جمہوریت کے علمبردار خاموش تماشائی بنے رہے۔ پاکستان دشمنی میں حسینہ واجد دور میں بنگلہ دیش کو بھارت کے زیر اثر اور عملی طور اس کی کالونی بنا کر رکھا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ فرار ہونے کے بعد اس نے اسی ملک میں ہی پناہ حاصل کر رکھی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش میں عام انتخابات میں جماعت اسلامی کی کامیابی کارکنان کی مسلسل جدوجہد اور شہداء کی قربانیوں کا نتیجہ ہے، جس نے ایک نئی امید کو جنم دیا ہے۔ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تجارت، دفاعی اور سفارتی تعلقات کی مضبوطی سمیت مستقبل میں باہمی روابط کو مزید مضبوط اور امت مسلمہ کے مشترکہ مفادات کے لیے دونوں ممالک مل کر کام کریں گے۔#