لاس اینجلس (ویب ڈیسک) ہالی ووڈ کی مشہور جوڑی زینڈیا اور ٹام ہالینڈ کی نجی زندگی ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہے، جہاں ایک نئے دعوے نے مداحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے کہ شاید یہ جوڑا منگنی کے بعد خفیہ طور پر شادی بھی کر چکا ہے۔
اداکارہ کے معروف اسٹائلسٹ لا روچ نے یکم مارچ کو ایک ایوارڈ تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے حیران کن انکشاف کیا۔
لا روچ نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”شادی تو پہلے ہی ہو چکی ہے، آپ لوگ بس اس سے محروم رہ گئے ہیں۔“ رپورٹر کی جانب سے حیرت کا اظہار کرنے پر انہوں نے اپنے بیان کی دوبارہ تصدیق بھی کی اور پھر بات ختم کر کے آگے بڑھ گئے۔
اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں میں تجسس بڑھ گیا ہے، تاہم اس جوڑے کے نمائندوں کی جانب سے اب تک اس دعوے کی کوئی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔
کئی مداحوں نے اس بات کو سراہا کہ دونوں ستارے اپنی نجی زندگی کو میڈیا کی نظروں سے دور رکھنے کو ترجیح دیتے ہیں، جبکہ کچھ صارفین نے یہ بھی نشاندہی کی کہ زینڈیا حال ہی میں منگنی کی انگوٹھی کے بجائے سادہ سنہری بینڈ پہنے نظر آئی ہیں۔
یاد رہے کہ زینڈیا اور ٹام ہالینڈ کی پہلی ملاقات 2016 میں فلم Spider-Man: Homecoming کے سیٹ پر ہوئی تھی۔
جولائی 2021 میں لاس اینجلس میں ایک ساتھ نظر آنے کے بعد ان کے تعلقات کی خبریں سامنے آئیں، جبکہ گزشتہ سال گولڈن گلوب ایوارڈ تقریب کے دوران زینڈیا کی انگلی میں ہیرے کی انگوٹھی نظر آنے کے بعد منگنی کی افواہیں گردش کرنے لگیں تھیں، جس کی بعد میں تصدیق بھی ہو گئی تھی۔
دونوں اداکار اس کے بعد اپنے تعلق کو زیادہ تر نجی رکھتے آئے ہیں اور یہی خاموشی اب ایک بار پھر ان کی ممکنہ خفیہ شادی کے بارے میں خبروں کو مزید دلچسپ بنا رہی ہے۔
0 تبصرے