شوبز انڈسٹری میں مخصوص جسمانی معیار پر پورا اترنے کا دباؤ ایک حقیقت ہے
ممبئی (ویب ڈیسک) بھارتی اداکارہ عائشہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں سوشل میڈیا پر روزانہ جنسی ہراسانی اور ریپ کی دھمکیاں موصول ہوتی ہیں۔
عائشہ خان نے اپنے بیان میں کہا کہ جب وہ بارہویں جماعت میں تھیں تو انہیں ٹی سیریز کے ایک گانے میں کاسٹ کیا گیا تھا، لیکن شوٹنگ سے ایک رات قبل انہیں ”موٹی“ قرار دے کر پروجیکٹ سے نکال دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ شوبز انڈسٹری میں مخصوص جسمانی معیار پر پورا اترنے کا دباؤ ایک حقیقت ہے اور انہیں بھی اپنی ظاہری شکل و صورت کے حوالے سے اعتماد بحال کرنے میں وقت لگا۔
ان کا کہنا تھا کہ تقریباً ہر روز انسٹاگرام پر لباس اور جسمانی انداز کی وجہ سے جنسی نوعیت کے تبصروں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، نازیبا باتیں کی جاتی ہیں، اور بعض اوقات وہ پوسٹ کرنے سے پہلے کئی بار سوچنے پر مجبور ہو جاتی ہیں۔
عائشہ خان نے کہا کہ انہیں روزانہ ریپ کی دھمکیاں ملتی ہیں، جو ایک خوفناک اور ذہنی طور پر اذیت ناک تجربہ ہے۔ ان کے مطابق یہ صرف آن لائن تبصرے نہیں بلکہ ایسے افراد کی ذہنیت کی عکاسی ہے جو معاشرے میں موجود ہیں۔
واضح رہے کہ عائشہ خان نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز جونیئر آرٹسٹ کے طور پر ڈرامہ کسوٹی زندگی کی سے کیا۔ 2022 میں انہوں نے ایک تیلگو فلم میں کام کیا، جبکہ 2023 میں ریئلٹی شو بگ باس 17 میں شرکت کے بعد شہرت حاصل کی۔
وہ فلم دھرندھر کے گانے ”شرارت“ میں بھی پرفارم کر چکی ہیں، جبکہ فلم کس کس کو پیار کروں 2 میں بھی نظر آئی ہیں۔
0 تبصرے