تہران (ویب ڈیسک) ایران کے نئے منتخب سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے انتخاب کے بعد ان کا پہلا پیغام سامنے آ گیا ہے۔
اپنے آڈیو پیغام میں آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے شہداء کے خون کا بدلہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز بند رہے گی۔
سپریم لیڈر نے کہا کہ ان کا عہدہ ان سے بہت سی ذمہ داریاں تقاضا کرتا ہے، ایرانی عوام نے دنیا کو دکھا دیا ہے کہ ایران ایک عظیم قوم ہے اور عوام کی حمایت کے بغیر ان کی کوئی حیثیت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ دشمن ایرانی عوام کو نشانہ بنا رہے ہیں اور ہمیں اپنے دشمنوں کو شکست دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے خون کا بدلہ لینے کے حق سے دستبردار نہیں ہوں گے اور ایرانی قوم کا اتحاد ہمیشہ قائم رہے گا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں قوم کی درست قیادت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکی فوجی اڈے بند نہ کیے گئے تو حملے جاری رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی عوام اتحاد کے ساتھ دشمن کو شکست دیں گے اور ہم اپنے شہداء، خصوصاً مناب اسکول کے شہداء کا بدلہ لیے بغیر پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات پر یقین رکھتا ہے اور صرف فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور یہ حملے جاری رہیں گے۔
آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ دشمن پر دباؤ بڑھانے کے لیے آبنائے ہرمز کو بند رہنا چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مشرق وسطیٰ میں موجود امریکی اڈے بند کیے جائیں اور اگر ایسا نہ ہوا تو حملے جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایرانی سمیت تمام شہداء کا بدلہ لیا جائے گا۔
0 تبصرے