ایرانی سپریم لیڈر زخمی ہیں، جنگ میں کوئی رحم نہیں ہوگا، آج ایران پر سخت ترین حملے کیے جائیں گے: امریکی وزیر دفاع

ایران کا ایئر ڈیفنس سسٹم تقریباً ختم ہو چکا ہے: میڈیا کو بریفنگ

ایرانی سپریم لیڈر زخمی ہیں، جنگ میں کوئی رحم نہیں ہوگا، آج ایران پر سخت ترین حملے کیے جائیں گے: امریکی وزیر دفاع

واشنگٹن/تہران/تل ابیب (ویب ڈیسک) مشرقِ وسطیٰ میں ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی مزید شدت اختیار کر گئی ہے، جبکہ تہران میں یومِ القدس کی ریلی کے قریب دھماکوں اور مختلف ممالک کے بیانات کے بعد خطے کی صورتحال مزید تشویشناک ہو گئی ہے۔ امریکی حکام نے ایران کے خلاف سخت حملے جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ ایران نے بھی امریکہ اور اسرائیل کو سخت جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب اسرائیل نے ایران میں سیکڑوں اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ خطے میں میزائل اور ڈرون حملوں اور فوجی کارروائیوں کے باعث کشیدگی مزید بڑھتی جا رہی ہے۔ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ ایران کا ایئر ڈیفنس سسٹم تقریباً ختم ہو چکا ہے، ایران کے ساتھ جنگ میں کوئی رحم نہیں کیا جائے گا اور آج سخت ترین حملے کیے جائیں گے۔ پیٹ ہیگستھ نے کہا کہ ایرانی حکومت کے رہنما زیرِ زمین بنکروں میں چلے گئے ہیں، جبکہ آبنائے ہرمز میں جو صورتحال ہے اس حوالے سے دنیا کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ میڈیا بریفنگ کے دوران امریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے کہا کہ ایران پر حملوں کا آج چودہواں دن ہے اور آج فوجی حملوں کا سب سے بھاری دن ہوگا۔ امریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے کہا کہ دو ہفتوں سے بھی کم عرصے میں ہم ایرانی بحریہ کو غیر فعال کر چکے ہیں، تاہم ایران کے پاس اب بھی دوست افواج اور تجارتی جہازوں کو نقصان پہنچانے کی صلاحیت موجود ہے۔