مٹھی (رپورٹر) مٹھی سول اسپتال کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عبدالکریم شیخ نے نرس سے زیادتی کے الزامات کے بعد اسپتال کے رہائشی کوارٹر میں پھندا لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عبدالکریم شیخ نے خودکشی سے قبل اپنے قریبی دوستوں کو خط اور وائس میسج کے ذریعے اس انتہائی قدم کی وجوہات اور ذمہ دار افراد سے متعلق آگاہ کیا۔
ڈاکٹر کی جانب سے آئی جی سندھ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ان پر اسٹاف نرس کے ساتھ زیادتی کا جھوٹا الزام لگا کر شدید ٹارچر کیا گیا، جس کے باعث وہ خودکشی پر مجبور ہوئے۔
انہوں نے خط میں الزام عائد کیا کہ ایم ایس ہریش جُگانی، ڈاکٹر موہن کَتھری، ڈاکٹر مالک نہڑیو، برکت ہنگورجو، سردار، منٹھار بھیل اور دیگر نے انہیں ٹارچر کیا اور ان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا جائے۔
دوسری جانب الزام کی زد میں آنے والے ڈاکٹر ہریش جُگانی نے مؤقف اختیار کیا کہ چند روز قبل ڈاکٹر اور اسٹاف نرس منٹھار بھیل کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تھی۔ ان کے مطابق ڈاکٹر کی شکایت پر کمیٹی تشکیل دی گئی، جس کی جانچ کے بعد منٹھار کو قصوروار قرار دیتے ہوئے اس کی شفٹ تبدیل کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ معلوم نہیں ڈاکٹر نے جذبات میں آ کر اتنا بڑا قدم کیوں اٹھایا۔
0 تبصرے