تل ابیب/تہران (ویب ڈیسک) اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی اور بسیج فورس کے کمانڈر غلام رضا سلیمانی کو نشانہ بنایا ہے، تاہم ایرانی حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ علی لاریجانی جلد ایک پیغام جاری کریں گے۔
ہم جنگ جیت چکے ہیں: اسرائیلی وزیر خارجہ
اسرائیلی وزیر خارجہ گیدون سار نے کہا ہے کہ ایرانی حکومت کا تختہ صرف ایرانی عوام ہی الٹ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم پہلے ہی جیت چکے ہیں، ایران ڈرامائی طور پر کمزور ہو چکا ہے، اور ایران کے ساتھ جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ہمارا مشن مکمل نہیں ہو جاتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ لبنانی حکومت سے توقع ہے کہ وہ لبنان سے اسرائیل پر ہونے والے حملے روکنے کے اقدامات کرے گی۔
ایران کے اسرائیل پر نئے حملے
ایران کی جانب سے اسرائیل پر کیے گئے تازہ حملوں میں سائبر ٹیک مراکز اور پولیس کے اسلحہ ساز کارخانے کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی فوج کے مطابق صبح سے جاری ڈرون حملوں کے دوران صہیونی حکومت کے اسلحہ تیار کرنے والے کمپلیکس کو ہدف بنایا گیا۔
اسٹارلنک ڈیوائسز ضبط کرنے کا دعویٰ
ایران کی انٹیلیجنس وزارت نے سینکڑوں اسٹارلنک ڈیوائسز ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق جاری بیان میں کہا گیا کہ دشمن کی جانب سے بھیجے گئے سینکڑوں اسٹارلنک ڈیوائسز قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ملکی قانون کے تحت اسٹارلنک کا حصول اور استعمال جرم ہے اور جنگ کے دوران ایسا کرنے والوں کو سخت سزا دی جائے گی۔
واضح رہے کہ جنگ کے آغاز کے ساتھ ہی ایران میں انٹرنیٹ تقریباً بند ہے، جس کے باعث رپورٹنگ میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، جبکہ کچھ لوگ انٹرنیٹ تک رسائی کے لیے اسٹارلنک استعمال کر رہے ہیں۔ ایران میں اس کے استعمال پر دو سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
علی لاریجانی کا ہاتھ سے لکھا پیغام سامنے آ گیا
اسرائیل کی جانب سے علی لاریجانی کو نشانہ بنانے کے دعووں کے بعد ایرانی میڈیا اور ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک ہاتھ سے لکھا پیغام گردش کر رہا ہے۔
ٹیلیگرام اور ایکس پر جاری اس پیغام میں وقت اور تاریخ درج نہیں، تاہم سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ آج کا پیغام ہے۔
حملے کے وقت علی لاریجانی اپنے بیٹے کے ساتھ تھے: اسرائیلی میڈیا
اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ علی لاریجانی پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ اپنے بیٹے کے ساتھ ایک خفیہ اپارٹمنٹ میں موجود تھے۔
بسیج فورس کے کمانڈر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب کی ذیلی فورس بسیج کے کمانڈر غلام رضا سلیمانی کو فضائی حملے میں ہلاک کر دیا گیا۔
بیان کے مطابق یہ کارروائی فوجی انٹیلیجنس کی معلومات پر گزشتہ روز تہران کے مرکز میں کی گئی۔
ایران نے تاحال اس دعوے کی تصدیق نہیں کی۔
اسرائیل کا علی لاریجانی کو قتل کرنے کا دعویٰ
اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ حملوں میں علی لاریجانی کو قتل کر دیا گیا۔
تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں کہ وہ جاں بحق ہوئے یا زخمی۔
ایرانی میڈیا نے ان دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلد لاریجانی کا پیغام جاری کیا جائے گا۔
حزب اللہ کی ویڈیو جاری
لبنانی تنظیم حزب اللہ نے تل ابیب کے جنوبی علاقے میں قائم اسرائیلی فوجی اڈے پر میزائل حملوں کی ویڈیو جاری کی ہے۔
تنظیم کے مطابق 3 مارچ کو کروز میزائل اور 15 مارچ کو بیلسٹک میزائل سے حملہ کیا گیا۔
خارگ جزیرے پر حملہ دشمن کے لیے بڑی رسوائی ہوگا: ایران
ایرانی پارلیمنٹ کی توانائی کمیٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایران کی تیل پیداوار اور برآمدات بلا رکاوٹ جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خارگ جزیرے پر کسی بھی حملے کا نتیجہ دشمن کے لیے بڑی شرمندگی ہوگا۔
آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے کے لیے فوجی حل کافی نہیں: آئی ایم او
انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے سربراہ ارسینیو ڈومینگیز نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کی مکمل حفاظت ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ فوجی اقدامات اس مسئلے کا دیرپا حل نہیں ہیں۔
پاکستانی ٹینکر کے باعث نیا سمندری راستہ سامنے آ گیا
امریکی جریدے بلومبرگ کے مطابق آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آمد و رفت کے لیے ایک نیا حساس راستہ سامنے آیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی ساحل کے قریب سے گزرنے والا ایک پاکستانی آئل ٹینکر اس نئے راستے کی علامت بنا۔
ایران نے ایک غیر رسمی میری ٹائم کنٹرول نظام بھی قائم کیا ہے، جس کے تحت جہازوں کو محفوظ گزر کے لیے اجازت لینا پڑتی ہے۔
یہ راستہ لارک اور قشم جزائر کے درمیان واقع ہے۔
اسلامی ممالک نیا نظام قائم کریں گے: قاليباف
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ علاقائی سلامتی باہر سے مسلط نہیں کی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک مل کر معاشی اور سکیورٹی سطح پر نیا نظام قائم کریں گے۔
یو اے ای میں حملے، ایک اور پاکستانی جاں بحق
متحدہ عرب امارات میں حملوں کے دوران ایک اور پاکستانی شہری جاں بحق ہو گیا۔
ابوظہبی کے علاقے بنی یاس میں میزائل کے ٹکڑے گرنے سے یہ واقعہ پیش آیا۔
اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد 7 ہو گئی ہے، جن میں 3 پاکستانی شامل ہیں۔
فجیرہ میں ڈرون حملہ
فجیرہ کے صنعتی علاقے میں ڈرون حملے کے باعث پیٹرولیم تنصیبات میں آگ لگ گئی، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
حکام نے شہریوں کو محتاط رہنے اور ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔
ایرانی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے خبردار کیا ہے کہ خارگ جزیرے پر حملے کی صورت میں متعلقہ ملک کے تیل اور گیس مراکز کو نشانہ بنایا جائے گا۔
انہوں نے پڑوسی ممالک کو بھی خبردار کیا کہ اپنی سرزمین ایسے حملوں کے لیے استعمال نہ ہونے دیں، بصورت دیگر ایران بھرپور جواب دے گا۔
0 تبصرے