کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی رہنما امین الحق کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کی انٹرا پارٹی انتخابات اکتوبر کے پہلے ہفتے میں ہوں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امین الحق نے کہا کہ پہلے رابطہ کمیٹی یا سینٹرل کمیٹی کا انتخاب کیا جائے گا، پھر یہ فیصلہ ہوگا کہ کنوینر اور ڈپٹی کنوینر کون ہوگا۔
ایم کیو ایم پاکستان نے مئی 2024 میں اعلان کیا تھا کہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو پارٹی چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔ تاہم، جب انہوں نے ٹوٹی ہوئی پارٹی کو ایک چھت تلے جمع کیا تو ماضی میں اہم عہدوں پر فائز رہنے والے کئی پرانے ایم کیو ایم رہنماؤں اور شخصیات نے اس انتخابی عمل کو ایم کیو ایم کے آئین کی روح کی واضح خلاف ورزی قرار دیا تھا۔
ایم کیو ایم پاکستان کو 15 اکتوبر تک انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔
اس سوال پر کہ کیا پارٹی میں انتخابات کے لیے ووٹر فہرست کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، امین الحق نے کہا کہ ووٹر فہرست تیاری کے مرحلے میں ہے، یہ عمل باہمی رضامندی، جمہوری طریقۂ کار اور اتفاقِ رائے سے مکمل کیا جائے گا، جس کے بعد پارٹی کے اندر انتخابات منصفانہ انداز میں ہوں گے۔
اس سوال پر کہ کیا خالد مقبول صدیقی، مصطفیٰ کمال، فاروق ستار یا کامران ٹیسوری ایک دوسرے کے مقابلے میں کنوینر کا انتخاب لڑیں گے یا یہ عمل بھی باہمی رضامندی سے طے ہوگا؟ اس پر امین الحق نے کہا کہ ایم کیو ایم ایک جمہوری جماعت ہے، اپنے آئین کے تحت رابطہ کمیٹی مرکزی فورم ہے، وہ جسے چاہے گی کنوینر اور ڈپٹی کنوینر منتخب کرے گی، یہ عمل جمہوری اور اتفاقِ رائے سے مکمل کیا جائے گا اور باوقار انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔
0 تبصرے