ایران میں علی خامنہ ای کو شہید کیا گیا، ایسے حالات میں یہاں انتخابی مہم چلانا مناسب نہیں سمجھتا
اسکردو (ویب ڈیسک) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ دعاگو ہیں کہ جنگ کے خاتمے کے لیے فیلڈ مارشل کی کوششیں کامیاب ہوں۔
اسکردو میں پاکستان پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گزشتہ انتخابات کے دوران انہوں نے گلگت بلتستان کا دورہ کیا تھا اور جی بی کے اضلاع میں جتنا وہ گئے ہیں، اتنا کوئی دوسرا سیاستدان نہیں گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران میں علی خامنہ ای کو شہید کیا گیا، ایسے حالات میں یہاں انتخابی مہم چلانا مناسب نہیں سمجھا۔
پی پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ وہ دعاگو ہیں کہ جنگ ختم کرانے کے لیے فیلڈ مارشل کی کوششیں کامیاب ہوں۔ امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کا کامیاب ہونا ضروری ہے کیونکہ ایران کے ساتھ پوری دنیا کے لوگ بھی جنگ کا بوجھ برداشت کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو پسماندہ طبقات کی نمائندگی کرتی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ یہ کیسی معاشی پالیسی اور ترقی ہے جس میں امیر مزید امیر ہوتے جا رہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) اسلام آباد کا وہ واحد ادارہ ہے جو ہر غریب کے گھر تک پہنچتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے خلاف سیاسی جماعتوں کی سازشیں ناکام ہوں گی اور بجٹ میں وزیرِاعظم بی آئی ایس پی کے فنڈز میں اضافے کا اعلان کریں گے۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ایٹم بم کا پروگرام ذوالفقار علی بھٹو نے دیا جبکہ میزائل ٹیکنالوجی بینظیر بھٹو نے دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کو پہلے ”شمالی علاقہ جات“ کہا جاتا تھا، جبکہ ”گلگت بلتستان“ کا نام آصف علی زرداری نے دیا۔
0 تبصرے