کراچی پریس کلب کے زیرِ اہتمام سینئر صحافی مانک ایس کنگرانی کی پہلی برسی کے موقع پر تقریب کا انعقاد

اس موقع پر مرحوم کی کتاب کی رونمائی بھی کی گئی

کراچی پریس کلب کے زیرِ اہتمام سینئر صحافی مانک ایس کنگرانی کی پہلی برسی کے موقع پر تقریب کا انعقاد

کراچی پریس کلب کے زیرِ اہتمام سینئر صحافی مانک ایس کنگرانی کی پہلی برسی کے موقع پر تقریب کاانعقاد کیاگیا، جس میں مرحوم کی صحافتی، ادبی اور سماجی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر مرحوم کی کتاب کی رونمائی بھی کی گئی۔ تقریب کی صدارت کراچی پریس کلب کے نائب صدر ارشاد کھوکھر نے کی، جبکہ گورننگ باڈی کے رکن جاوید مہر نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ارشاد کھوکھر، سہیل سانگی، سعید سربازی، مہیش کمار، ڈاکٹر حمید سومرو، مظہر رند، محمد موسیٰ رند، واحد جسکانی، عاجز جمالی، قاضی آصف، ذوالفقار واہوچو، ماجد سموں، ریاض ابڑو، مجاہد سولنگی، ایوب گل اور دیگر مقررین نے کہا کہ مانک ایس کنگرانی نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں سچائی، دیانت داری اور عوامی مسائل کی مؤثر نمائندگی کو ہمیشہ مقدم رکھا اور صحافت میں اپنی منفرد پہچان قائم کی۔ مقررین نے کہا کہ مرحوم نہ صرف ایک باصلاحیت صحافی تھے بلکہ ادبی اور سماجی حلقوں میں بھی ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ ان کی وفات صحافت کے شعبے کے لیے ایک بڑا نقصان ہے، تاہم ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ تقریب میں مرحوم کے بھائی ڈاکٹر اکبر کنگرانی، صاحبزادے سومر خان کنگرانی، صحافیوں، ادیبوں، دانشوروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ شرکاء نے مرحوم کی یادیں تازہ کرتے ہوئے ان کی شخصیت، کردار اور خدمات پر روشنی ڈالی اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعائے مغفرت کی۔ مانک ایس کنگرانی مرحوم سندھ کے معروف صحافی، ادیب اور سماجی کارکن تھے، جنہوں نے اپنی زندگی صحافت، ادب اور عوامی مسائل کے حل کے لیے وقف کیے رکھی۔