کراچی میں شدید گرمی کے دوران بھی بدترین لوڈشیڈنگ، شہری پریشان

کراچی میں شدید گرمی کے دوران بھی بدترین لوڈشیڈنگ، شہری پریشان

کراچی (رپورٹر) کراچی میں شدید گرمی کی لہر کے دوران بھی بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے، جبکہ شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 12 گھنٹوں سے بھی تجاوز کر گیا ہے، جس کے باعث شہری شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ شہر اس وقت شدید گرم موسم کی لپیٹ میں ہے، تاہم سخت گرمی کے باوجود مختلف علاقوں میں 12 گھنٹوں سے زائد لوڈشیڈنگ کے باعث شہری بے حال ہو گئے ہیں۔ طویل بجلی بندش روزمرہ زندگی اور کاروباری سرگرمیوں کو بھی متاثر کر رہی ہے۔ دوسری جانب کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ شہر کے کسی بھی علاقے میں 10 گھنٹوں سے زیادہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی، جبکہ بعض علاقوں میں بجلی کے بل ادا نہ ہونے کی وجہ سے فراہمی عارضی طور پر معطل کی جاتی ہے۔ تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کے بل ادا کرنے والوں کی بھی بجلی بند کی جا رہی ہے یا پھر 12، 12 گھنٹے بجلی بند کر کے انہیں اذیت میں مبتلا کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ اگر کوئی شہری بجلی کا بل ادا نہیں کرتا تو صرف اسی کی بجلی منقطع کی جائے، پورے علاقے کی بجلی بند کرنا زیادتی ہے۔ معصوم بچے شدید گرمی میں تڑپ رہے ہیں، سندھ حکومت فوری نوٹس لے اور بجلی کی بندش و لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرایا جائے۔