فالج (آدھے جسم کے فالج) کا شکار افراد کے لیے ایک نئی طبی تحقیق نے امید کی کرن روشن کر دی ہے، جس کے مطابق ریڑھ کی ہڈی کو ہلکا برقی کرنٹ دینے سے کمزور ہو جانے والے ہاتھوں اور بازوؤں کی حرکت دوبارہ بحال کی جا سکتی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سائنسی جریدے نیچر میڈیسن میں شائع ہونے والی تحقیق میں نتائج سامنے آئے ہیں، جن کے مطابق ماہرین نے ایک خاص تکنیک استعمال کی، جس سے فالج کے باعث کمزور ہونے والے اعضا کا دماغ سے رابطہ دوبارہ بحال ہونے میں مدد ملی۔
تحقیق کے دوران ریڑھ کی ہڈی کو برقی تحریک دینے سے مریضوں کی بازو اوپر اٹھانے کی صلاحیت میں 28 فیصد، کہنی سیدھی کرنے کی طاقت میں 35 فیصد اور ہاتھوں کی حرکت میں 55 فیصد تک بہتری ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین کے مطابق فالج کے مریضوں کے لیے ایسی معمولی بہتری بھی روزمرہ زندگی میں بڑا فرق لا سکتی ہے، جس کے ذریعے وہ کپڑوں کے بٹن بند کرنے یا دیگر ذاتی کام خود کرنے کے قابل ہو سکتے ہیں۔
ماہرین نے واضح کیا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی اس وقت صرف ایک معاون آلے کے طور پر کام کر رہی ہے اور مستقل علاج کے لیے مزید تحقیق جاری ہے تاکہ مستقبل میں اسے عام مریضوں کے لیے عملی علاج کے طور پر متعارف کرایا جا سکے۔
0 تبصرے