پاکستان پیپلز پارٹی ویمن ونگ یو ایس اے کی جانب سے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی سالگرہ پر خراجِ عقیدت

پاکستان پیپلز پارٹی ویمن ونگ یو ایس اے کی جانب سے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی سالگرہ پر خراجِ عقیدت

پاکستان پیپلز پارٹی ویمن ونگ یو ایس اے کی صدر ڈاکٹر نصرت لغاری نے عالمِ اسلام کی پہلی خاتون منتخب وزیرِ اعظم، جمہوریت کی علمبردار اور عوامی قائد شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ اپنے پیغام میں ڈاکٹر نصرت لغاری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو صرف ایک سیاسی رہنما نہیں بلکہ جمہوریت، خواتین کے حقوق، عوامی خدمت اور جرات و استقامت کی لازوال علامت ہیں۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی پاکستان میں جمہوریت کے استحکام، عوام کی فلاح و بہبود اور آئین کی بالادستی کے لیے وقف رکھی، اور اپنے عظیم مشن کی تکمیل کے لیے جان کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کا وژن آج بھی پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ خواتین کو بااختیار بنانے، نوجوانوں کو آگے بڑھانے اور ایک پرامن، ترقی یافتہ اور جمہوری پاکستان کی تعمیر کے لیے ان کی جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ ڈاکٹر نصرت لغاری نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ویمن ونگ یو ایس اے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قومی خدمات کو سلام پیش کرتی ہے اور اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ ان کے نظریے، جمہوری اقدار اور عوامی خدمت کے مشن کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔ آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، اور ہمیں ان کے مشن پر اخلاص اور ثابت قدمی کے ساتھ چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔