اسلام آباد/دوحہ (ویب ڈیسک): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خاندانی کرپٹو کمپنی ورلڈ لبرٹی فنانشل کے ساتھ پاکستان کا معاہدہ معاشی فوائد سے زیادہ سفارتی اہمیت کا حامل ثابت ہوا، جس کے ذریعے پاکستان کو ٹرمپ انتظامیہ تک غیر معمولی رسائی حاصل ہوئی۔
عالمی نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق، ٹرمپ کے مالی گوشواروں کے مطابق ورلڈ لبرٹی فنانشل نے 2025 کے دوران صرف ٹوکنز کی فروخت سے 50 کروڑ ڈالر سے زائد آمدنی حاصل کی، جبکہ پاکستان ان ابتدائی ممالک میں شامل تھا جنہوں نے کمپنی کے ساتھ تعاون کا معاہدہ کیا۔
جنوری 2026 میں پاکستان کی وزارتِ خزانہ نے ورلڈ لبرٹی فنانشل سے وابستہ ادارے ایس سی فنانشل ٹیکنالوجیز کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے، جس کا مقصد سرحد پار ادائیگیوں کے لیے یو ایس ڈی 1 (USD1) نامی امریکی ڈالر سے منسلک اسٹیبل کوائن کے استعمال کا جائزہ لینا تھا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور کمپنی کے نمائندوں نے شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق تقریباً چھ ماہ گزرنے کے باوجود پاکستان میں یو ایس ڈی 1 کے حوالے سے کوئی پائلٹ منصوبہ شروع نہیں ہو سکا، نہ ہی کسی کمپنی کو مکمل لائسنس جاری کیا گیا ہے اور نہ ہی اس اسٹیبل کوائن کے ذریعے کسی مالی لین دین کی تصدیق ہو سکی ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگرچہ منصوبہ عملی طور پر آگے نہیں بڑھ سکا، تاہم پاکستان کو ٹرمپ انتظامیہ تک براہِ راست رسائی اور سفارتی قربت حاصل ہوئی، جسے اسلام آباد کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان دنیا کی بڑی کرپٹو مارکیٹوں میں شمار ہوتا ہے اور گزشتہ سال کرپٹو اپنانے کی عالمی درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر رہا تھا۔
اقتصادی ماہرین کے مطابق پاکستان میں بینکوں کے ذریعے ترسیلاتِ زر ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہیں، اس لیے یو ایس ڈی 1 کی ضرورت اور عملی افادیت کے حوالے سے اب بھی سوالات موجود ہیں۔ دوسری جانب حکومت نے کرپٹو شعبے کو ریگولیٹ کرنے کے لیے ورچوئل اثاثہ جات ایکٹ نافذ کرتے ہوئے پاکستان ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی (PVARA) قائم کر دی ہے، جبکہ عالمی کرپٹو ایکسچینجز کے لیے ضوابط کی تیاری پر بھی کام جاری ہے۔
ماہرین کے مطابق اس معاہدے کا پاکستان کے لیے سب سے بڑا فائدہ معاشی نہیں بلکہ سفارتی تھا، جس کے ذریعے اسلام آباد ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ اپنے تعلقات مزید مضبوط بنانے میں کامیاب رہا۔
0 تبصرے