دبئی (ویب ڈیسک): سابق وزیراعظم شہید بینظیر بھٹو کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری نے اپنی والدہ سے آخری ملاقات کو یاد کرتے ہوئے جذباتی گفتگو کی۔
حال ہی میں بختاور بھٹو اور آصفہ بھٹو زرداری کا ایک انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جس میں دونوں بہنوں نے اپنی والدہ سے آخری ملاقات کی یادیں تازہ کرتے ہوئے جذباتی لمحات بیان کیے۔
بختاور بھٹو نے بتایا، ’’میری سالگرہ قریب تھی اور میں شہادت سے ایک رات قبل امی سے ملی تھی۔ انہوں نے کہا کہ میں تمہیں پہلے ہی سالگرہ کی مبارک باد دینا چاہتی ہوں۔ میں نے جواب دیا کہ مجھے پیشگی مبارک باد نہ دیں، جنوری میں ہی مبارک باد دیجیے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’امی نے کہا کہ میں ابھی ہی تمہیں مبارک باد دے دیتی ہوں۔ ان کی شہادت کے بعد جب میری 18ویں سالگرہ آئی تو مجھے ایسا محسوس ہوا جیسے وہ سب کچھ جانتی تھیں اور ہر بات کے لیے پہلے سے تیار تھیں۔‘‘
واضح رہے کہ شہید بینظیر بھٹو مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں، جنہوں نے پاکستان کی سیاست میں ایک اہم اور تاریخی کردار ادا کیا اور اپنے پیچھے ایک مضبوط سیاسی ورثہ چھوڑا۔
بینظیر بھٹو 21 جون 1953 کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ وہ دو مرتبہ پاکستان کی وزیراعظم منتخب ہوئیں اور 27 دسمبر 2007 کو راولپنڈی میں شہید ہونے تک جمہوری اقدار کے فروغ اور عوامی حقوق کے لیے سرگرم رہیں۔
انہوں نے 1987 میں آصف علی زرداری سے شادی کی، جن سے ان کے تین بچے، بلاول بھٹو زرداری، بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری ہیں، جو آج اپنی والدہ کے سیاسی ورثے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
0 تبصرے