ارجنٹینا کو دوبارہ ورلڈ کپ جتوانے کے لیے جادو اور رسومات؟ دعوے سامنے آ گئے

ارجنٹینا کو دوبارہ ورلڈ کپ جتوانے کے لیے جادو اور رسومات؟ دعوے سامنے آ گئے

بیونس آئرس (ویب ڈیسک): ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس میں رہنے والی ایک خاتون، جو خود کو جادوگرنی قرار دیتی ہیں، نے دعویٰ کیا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹینا کی کامیابیوں کے پیچھے روحانی رسومات کا کردار رہا ہے۔ دِلیا ووکر نامی اس خاتون کا کہنا ہے کہ ملک کی سابقہ فتوحات میں غیبی طاقتوں کا اثر شامل تھا، اور وہ خود اپنے گروپ کے ساتھ لیونل میسی سمیت قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے دعاؤں اور مختلف رسومات کا اہتمام کرتی رہی ہیں۔ ان خواتین نے اپنے گروپ کو “لا بروخینیتا” کا نام دیا ہے، جو اسپینی لفظ “بروخا” (جادوگرنی) اور ارجنٹینا کے کوچ لیونل اسکالونی سے منسوب “لا اسکالونیتا” کے امتزاج سے بنایا گیا ہے۔ برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ گروپ واٹس ایپ اور سوشل میڈیا کے ذریعے رابطے میں رہتا ہے۔ دِلیا کے مطابق گروپ کی خواتین میچوں کے دوران موم بتیاں جلاتی ہیں، دعائیں کرتی ہیں اور مثبت توانائی بھیجنے کی رسومات ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بعض رسومات کا مقصد مخالف ٹیموں کے کھلاڑیوں کو ذہنی طور پر متاثر کرنا بھی ہوتا تھا، تاہم وہ خود ہمیشہ مثبت رسومات کی حامی رہی ہیں۔ واضح رہے کہ 2022 کے فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹینا کی فتح کے بعد اس گروپ نے اپنی سرگرمیوں کو کامیابی کا حصہ قرار دیا تھا۔ اب جاری ٹورنامنٹ میں بھی دِلیا نے اسی طرز کی رسومات دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی عبادت گاہ میں ارجنٹینا کے پرچم کے رنگوں یعنی نیلے اور سفید موم بتیاں روشن کریں گی۔ دِلیا نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ارجنٹینا کے لوگ توہم پرستی کی طرف زیادہ رجحان رکھتے ہیں، اس لیے جو طریقہ ایک بار کامیاب ہو جائے، اسے دوبارہ اپنانا عام بات سمجھا جاتا ہے۔